جے یو آئی نے اپوزیشن اتحاد میں شمولیت کی شرائط سے آگاہ کر دیا

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) نے گرینڈ اپوزیشن الائنس میں شمولیت کیلئے پاکستان تحریک انصاف کو اپنی شرائط سے آگاہ کردیا۔ پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق جمعیت علمائے اسلام کی کئی شرائط وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے بارے میں ہیں۔ اس حوالے سے گفتگو میں سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم  نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنے تحفظات سے آگاہ کیا ہے، تحفظات سے متعلق بانی پی ٹی آئی کے احکامات پر عمل درآمد ہوگا۔ ترجمان جے یو آئی اسلم غوری نے کہا کہ الائنس میں شرکت سے متعلق جے یو آئی نے باضابطہ فیصلہ نہیں کیا۔ جو  بھی فیصلہ ہوگا سب کو پتا چل جائے گا۔ دوسری جانب اسد قیصر نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کو علی امین گنڈاپور سے کوئی مسئلہ نہیں، ان سے اتحاد کے بارے میں ہمیں صرف بانی پی ٹی آئی سے ہدایات کا انتظار ہے۔ رہنما جے یو آئی (ف) کامران مرتضیٰ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ حالات کا برقرار رہنا علی امین گنڈا پور کی روزی روٹی کا سوال ہے۔ لگتا ہے وہ غائب ہو کر جہاں گئے تھے انہی کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔  میں حیران ہوں ہماری بات چیت شروع ہونے پر گنڈا پور خاموش کیوں ہیں۔

ای پیپر دی نیشن