لاہور(سپورٹس رپورٹر)چیمپئنز ٹرافی کے فائنل سے قبل نیوزی لینڈ ٹیم کو بھارت کیخلاف فائنل سے پہلے اہم فاسٹ بائولر میٹ ہنری کی انجری کا سامنا ہے جس کی وجہ سے فائنل میں شرکت مشکوک ہوگئی۔ نیوزی لینڈ کے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے بتایا کہ کیوی پیسر کی فائنل میں شرکت کے امکانات تاحال غیر یقینی ہیں۔ ان کے سکین کرائے ہیں اور کھیلنے کا ہر موقع دینا چاہتے ہیں لیکن وہ کافی تکلیف میں ہیں، امید ہے کہ وہ فائنل تک ٹھیک ہو جائیں گے۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹورنامنٹ کا فائنل کل دبئی میں کھیلا جانا ہے۔ نیوزی لینڈ کے کپتان نے بھی دبئی ایڈوانٹیج پر آواز اٹھاتے ہوئے کہا کہ بھارت نے اپنے تمام میچز دبئی میں کھیلے ہیں اس لئے بھارت کو دبئی کی پچز اور کنڈیشنز کا علم ہے۔ ظاہری طور پر پچز سے آپ کو پتا چلتا ہے کہ آپ نے کیسے کھیلنا ہے، لاہور کے مقابلے میں یہ پچ تھوڑی سلو ہو سکتی ہے، یہ سکریپ کی طرح ہو سکتی ہے لیکن اس پر قابو پائیں گے۔ ہم ایک اچھی ٹیم کیخلاف کھیل رہے ہیں، امید ہے کہ پہلے کے مقابلے زیادہ رنز کریں گے۔ جب تک آپ میچ کیلئے تیار ہوں تو سب اچھا رہتا ہے۔ فائنل کا میچ بہت مختلف ہوتا ہے ، بھارت کیخلاف گروپ میچ کے مقابلے میں زیادہ اچھا کرنے کی کوشش کریں گے۔نیوزی لینڈکے ہیڈ کوچ گیری سٹیڈ نے چیمپئنز ٹرافی میں نیوزی لینڈ کے شیڈول پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پہلا میچ کراچی میں کھیلا‘پھر راولپنڈی گئے ‘بھارت کیخلاف کھیلنے کیلئے دبئی جانا پڑا‘سیمی فائنل کیلئے لاہور گئے ۔ فائنل کیلئے پھر دبئی آئے ہیں ۔ ہماری ٹیم کا سب سے مشکل شیڈول تھا ۔ بھارت کو صرف دبئی میں تمام میچز دیئے گئے باقی ادھر ادھرکا سفر کرتے رہے ۔ ہماری ٹیم تو ٹریننگ بھی نہیں کرسکی ۔ فائنل سے قبل تھوڑی بہت پریکٹس کرینگے ۔ دونوں دن فائنل پر فوکس رہے گا۔ بھارت نے چار میچ دبئی میں کھیلے ہیں ۔ فائنل میں بہترین کھیل پیش کریں گے ۔حکمت عملی بنائیں گے ۔