ایف پی ایس سی کے تحت بھرتی میں اسلام آباد کا کوٹہ نہ ہونے کیخلاف درخواست پر فریقین کو نوٹس

اسلا م آباد (وقائع نگار) آباد ہائی کورٹ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہ کرنے کے خلاف درخواست پر چیئرمین ایف پی ایس سی،سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویڑن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 10 دنوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔عدالت عالیہ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے تحت بھرتی میں اسلام آباد کا کوٹہ مقرر نہ کرنے کے خلاف ایک شہری سیدہ فارینہ کی درخواست پر سماعت کی۔وکیل درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ 28 جون 2018 کو فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے ذریعے 294 میڈیکل افسران کی بھرتی کا اشتہار جاری کیا گیا۔ آسامیوں پر بھرتی کے لیے چاروں صوبوں کی طرح اسلام آباد کا الگ سے کوٹہ مقررنہیں کیا گیا ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق اسلام آباد کے لیے20 فیصد کوٹہ رکھا جانا ضروری ہے کیونکہ ہائی کورٹ ،،اسلام آباد کو پنجاب کے کوٹہ میں شامل کرنے کا میمورنڈم کالعدم قرار دے چکی ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دس روزکے لیے ملتوی کر دی ۔

ای پیپر دی نیشن