چین کی قومی رصد گاہ نے بدھ کو اپنے نارنجی انتباہ کی تجدید کی ہے جبکہ ملک کے وسیع تر علاقوں میں لگاتار موسلا دھاربارشوں نے تباہی کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔قومی موسمیاتی مرکز نے کہا ہے کہ بدھ کی صبح سے جمعرات کی صبح تک دیگر علاقوں کے ساتھ ساتھ گوئی ژو ، گوآنگ شی، یون نان،اور سیچھوآن میں شدید بارش اور طوفان باراں کی توقع ہے جبکہ انتباہ جاری کیا گیا ہے کہ جیانگ شی کے بعض علاقوں میں روزانہ 260 ملی میٹر بارش کا امکان ہے۔مرکز کا کہنا ہے کہ مندرجہ بالا چند علاقوں میں فی گھنٹہ 80ملی میٹر بارش کے ساتھ ساتھ گرج چمک اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔چین میں چار درجاتی رنگوں پرمشتمل موسمیاتی انتباہ کا نظام رائج ہے جس میں سرخ انتہائی شدت کی عکاسی کرتا ہے جس کے بعد نارنجی ،زرد اور نیلا درجہ آتا ہے۔مرکز نے مقامی حکام کو ممکنہ سیلاب ، لینڈ سلائیڈنگ اور مٹی کے تودے گرنے سے چوکنا رہنے کا مشورہ دیا ہے اور تجویز دی گئی ہے کہ خطرناک علاقوں میں بیرونی سرگرمیاں روک دیں۔جون سے اب تک مسلسل بارشوں نے چین کے جنوبی علاقوں کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور متاثرہ علاقوں میں کئی دریاں میں سیلابی پانی خطرے کی سطح سے بڑھ گیا ہے۔چین کے ریاستی سیلاب پر قابو پا نے اور خشک سالی میں مدد کیلئے امدادی ہیڈکوارٹرز نے منگل کے روز سیلاب پر قابو پانے کے ہنگامی ردعمل کو چوتھے درجے سے بڑھا کر تیسرے درجے پر کردیا ہے۔