افغان مہاجرین کا انخلاء، 4111 پنجاب سے ڈیپورٹ، مردان میں بدستور مقیم 

لاہور؍ گوجرانوالہ؍ مردان (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) غیر قانونی مقیم تارکین کے انخلا کی حکومتی مہم گزشتہ روز  بلا تعطل جاری  رہی۔  لاہور سمیت صوبہ بھر سے4111 افراد کو متعلقہ اداروں کی مدد سے ملک سے ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے۔ 5950 سے زائد غیر قانونی مقیم غیر ملکیوں کو ہولڈنگ سنٹرز پہنچایا گیا جبکہ 1839 غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ 88 کے قریب افغانیوں کو گوجرانوالہ پناہ گاہ میں رکھنے کے بعد گزشتہ رات پولیس کی نگرانی میں بسوں کے ذریعے طورخم بارڈر تک پہنچا دیا گیا۔ افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے حکومت کی جانب سے دی گئی آخری ڈیڈ لائن کو ایک ہفتہ گزرنے کے باوجود مردان کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے تاحال کسی قسم کے عملی اقدامات سامنے نہیں آ سکے۔ وفاقی حکومت نے غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی واپسی کے لیے 31 مارچ کی حتمی تاریخ مقرر کی تھی مگر ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود مردان کے مختلف علاقوں میں افغان مہاجرین بدستور موجود ہیں۔ تاہم ضلعی انتظامیہ کی عدم دلچسپی اور سست روی کے باعث مکانات کے مالکان بھی شدید تذبذب کا شکار ہیں کہ مہاجرین کو زبردستی نکالیں یا مزید وقت دیں۔ شہری حلقے ضلعی انتظامیہ کی غیر سنجیدگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کر رہے ہیں کہ وفاقی حکومت کی مقرر کردہ تاریخ کے بعد ضلع مردان میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان مہاجرین کو باعزت طریقے سے واپس اپنے ملک بھیجا جائے۔

ای پیپر دی نیشن