اسلام آباد(اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی اور صوبائی سطح پرانٹرا پارٹی انتخابات آئندہ ہفتے منعقد ہوں گے چوہدری شجاعت حسین نے باقاعدہ منظوری دے دی،طارق حسن پارٹی کے سیکرٹری جنرل نامزد، ڈاکٹر محمد امجد بدستور چیف آرگنائزر کے عہدے پرفائزرہیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ کے صدر چوہدری شجاعت حسین کی زیر صدارت پارٹی کے اعلیٰ عہدیداران کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں پارٹی کے سینئیر نائب صدر چوہدری سالک حسین، پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری شافع حسین، چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، سینٹرل ورکنگ کمیٹی کے رکن حافظ عقیل جلیل،صدر مسلم لیگ سندھ طارق حسن، صدر مسلم لیگ کے پی کے انتخاب خان، صدر مسلم لیگ بلوچستان شکیل روشن، صدر فیڈرل کیپیٹل رضوان صادق خان اور صدر مسلم لیگ گلگت بلتستان دلفراز خان نے شرکت کی۔ اجلاس میں چوہدری شجاعت حسین نے آئندہ ہفتے مسلم لیگ کے انٹرا پارٹی انتخابات کی باقاعدہ منظوری دے دی۔اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان مسلم لیگ سندھ کے صدر طارق حسن خان کو آئندہ پارٹی انتخابات میں بطور سیکرٹری جنرل نامزد کیا اجلاس میں شریک پاکستان مسلم لیگ کے تمام رہنماؤں نے چوہدری شجاعت حسین کے فیصلے کی تائید کی اور طارق حسن خان کو بطور پارٹی سیکرٹری جنرل اچھا انتخاب قراردیا۔