اسلام آباد(وقائع نگار)اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجازاسحاق خان کی عدالت نے وفاقی دارالحکومت میں ریڑھی بانوں کے خلاف عدالتی حکم کے باوجود کاروائی پرریڑھی بانوں کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست میں ڈائریکٹر ڈی ایم اے ایم سی آئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا۔گذشتہ روز توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران درخواستگزاران کی جانب سے ایمان مزاری ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئیں اور موقف اختیار کیاکہ ریڑھی بانوں کے کیس میں دوسری توہین عدالت دائر ہوئی ہے، ڈائریکٹر ڈی ایم اے ایم سی نے عدالتی حکم کی خلاف ورزی کی،24 اپریل کو عدالتی آرڈرز کی خلاف ورزی ہوئی ہے، عدالت نے استفسار کیاکہ آپ کی پٹیشن کے پیرا گراف 5 میں جو لکھا ہے اس پر درخواست گزار بیان حلفی دیں گے،ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے کہاکہ ہم بالکل بیان حلفی دینے کے لیے تیار ہیں،عدالت نے درخواست گزار ریڑھی بانوں کو بیان حلفی جمع کرانے کی ہدایت کی۔