لاہور (نیوز رپورٹر+ لیڈی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) حلقہ این اے 127 کے مرکزی دفتر میں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ ساجدہ فاروق تارڑ نے کی۔ اس موقع پر عوام کی ایک بڑی تعداد، پارٹی کارکنان، خواتین، نوجوانوں اور علاقہ کے معززین نے بھرپور شرکت کی۔ پی ایس او ٹو وفاقی وزیر شہباز طالب، اسد ابرار، حمزہ ملک، رابعہ افضل اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم، پاک فوج کے حق میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر "پاک فوج زندہ باد"، "قوم کا فخر – ہماری فوج"جیسے نعرے درج تھے۔ شرکاء نے پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر ساجدہ فاروق تارڑ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑی ہے۔