کراچی (نوائے وقت رپورٹ) بھارتی پروازوں کیلئے پاکستانی فضائی حدود کی بندش کے 13ویں روز تک 1350 بھارتی پروازیں شدید متاثر ہوئی ہیں اور بھارتی ایئر لائنز کو 2.75 ارب بھارتی روپے کا نقصان پہنچا ہے۔ بھارت کی ایئرلائنز ایئرانڈیا، آکاسا ایئر، سپائس جیٹ، انڈیگو ایئر، ایئر انڈیا ایکسپریس کی پروازیں متاثر ہو رہی ہیں اور پاکستان کی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی طیاروں کو آدھے بھارت سے ہو کر بحیرہ عرب سے جانا پڑ رہا ہے۔ طویل روٹس سے گزرنے پر بھارتی ایئرلائنز کو فیول اور دیگر آپریشنل اخراجات دگنے ہونے پر مالی نقصان کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ پاکستان کی فضائی حدود بند ہونے سے انڈیگو ائیر کی تاشقند اور الماتی کے لیے پروازیں تاحال بند ہیں۔ اسی طرح امرتسر، دہلی، ممبئی، احمد آباد اور بنگلور سمیت دیگر شہروں سے جانے والی بھارت کی تمام ائیرلائنز کو یومیہ کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے۔