لاکھوں  کے ڈاکے، چوریاں، ڈکیتی مزاحمت پر زخمی معمر خاتون دم توڑ گئی 

لاہور (نامہ نگار) شہر کے مختلف علاقوں میں ڈاکوؤں اورچوروں نے ڈکیتی اور چوری کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، زیورات، موبائل فون، موٹر سائیکلیں، گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ ریس کورس کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوئوں کے تشدد سے زخمی ہونے والی خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس مال روڈ کے فلیٹس میں مقیم ڈسپنسری ملازم محمد معین قمر اپنی والدہ 62 سالہ سلمی قمر دین کے ہمراہ موٹر سائیکل پر ان کی  پنشن لینے ماڈل ٹاؤن گیا۔ وہ والدہ کے ہمراہ گورنر ہاؤس واپس آ رہے تھے کہ زمان پارک میں موٹرسائیکل سوار دو ڈاکوؤں نے سلمی قمر سے  پرس چھیننے کی کوشش کی۔ ڈاکوؤں چھینا جھپٹی کے دوران خاتون سڑک پر گر گئی اور سر پر چوٹ لگنے سے شدید زخمی ہو گئی جبکہ ڈاکو پرس چھین کر فرار ہوگئے۔ پرس میں 32ہزار روپے نقدی تھی۔ زخمی خاتون کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، مگر جانبر نہ ہو سکی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش  پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دی ہے اور مقتولہ کے بیٹے محمد معین قمرکی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ علاوہ ازیں ڈاکوؤں نے جوہر ٹاؤن میں مبشر کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر ساڑھے5 لاکھ روپے ، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، گرین ٹاؤن  میں صادق اور اس کی فیملی سے3 لاکھ ، طلائی زیوارت اور موبائل فون لوٹ لیا ہے۔گلشن اقبال  میں فواد سے 2 لاکھ روپے اور موبائل فون، نشتر کالونی میں مشتاق سے 94ہزار روپے، گلشن اقبال میں سراج سے گن پوائنٹ پر 71ہزار روپے اور موبائل فون، راوی روڈ میں عثمان سے 13 ہزار روپے اور موبائل فون، فیکٹری ایریا میں تصدیق سے 9ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ چوروں نے جوہر ٹاؤن، گلبرگ اور ساندہ کے علاقوں میں سے 3کاریں جبکہ مانگا منڈی، شفیق آباد، اسلام پورہ، شاد باغ، باغبانپورہ، مناواں، ستوکتلہ اور راوی روڈ کے علاقے میں سے 8 موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔

ای پیپر دی نیشن