محکمہ بجلی‘ واپڈا ملازمین نے یوم مطالبات منایا ، لاہور میں ریلی 

لاہور (نیوز رپورٹر)آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک ورکرزیونین سی بی اے کے زیراہتمام ملک بھر میں "یوم مطالبات" منایاگیا۔ لاہور میں نسبت روڈ بختیار لیبرہال کے سامنے ریلی نکالی گئی، جس میںکارکنوں نے بینرز اور پاکستانی جھنڈے اٹھا رکھے تھے ۔شرکاء نے وزیراعظم پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ بجلی کی منافع بخش کمپنیوں گوجرانوالہ،اسلام آباد، فیصل آباد کی نجکاری نہ کی جائے۔بزرگ مزدور رہنما خورشید احمد نے کہا 8سال سے محکمہ بجلی میںبھرتی نہیں ہوئی،سینکڑوں ملازمین ریٹائر ہوچکے ۔سٹاف کمی کے باوجود کارکن جان پر کھیل کرملک بھر میں بجلی سپلائی بحال رکھے ہوئے ہیں ۔حکومت نے مطالبات حل نہ کئے تو ہم اسلام آباد میں دھرنا دینے پر مجبور ہونگے۔ وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیاگیا کہ وزراء اور ممبران اسمبلی کی طرح سرکاری، نیم سرکاری، صنعتی و تجارتی اور میڈیا ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافہ کریںاور ڈیلی ویجز، کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا جائے۔ریلی سے حاجی محمد یونس، اسامہ طارق،لیاقت علی، ملک زاہد، مہر محمد جمیل،رانا شفیق،آصف اعوان، رانا رفیع ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

ای پیپر دی نیشن