لاہور(کامرس رپورٹر)آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن آف پاکستان نے عوام کو مہنگے داموں ناقص ڈیزل فراہم کئے جانے پرشدید تشویش اور تحفظات کا اظہار کیا ہے۔آئل مارکیٹنگ ایسوسی ایشن کے چیئرمین طارق وزیر علی نے سیکرٹری پٹرولیم کو خط میںلکھا ہے کہ اوگرا کی نئی پالیسی کے تحت تیل کی کمپنیاں مقامی ریفائنریوں سے ڈیزل خریدنے پر مجبور ہیں، حالانکہ یہ ڈیزل ماحول کیلئے نقصان دہ ہے بلکہ گاڑیوں کو بھی خراب کر رہا ہے۔انہوں نے کہا یورو-5 کے تحت ڈیزل میں سلفر کی مقدار 10 پارٹس پر ملین سے زیادہ نہیں ہونی چاہیے، لیکن مقامی ریفائنریوں کا ڈیزل 10,000 PPM سلفر رکھتا ہے۔طارق وزیرعلینے حکومت اور اوگرا سے مطالبہ کیا ہے کہ ناقص اور اعلیٰ معیار کے ڈیزل کی قیمتیں الگ کی جائیں۔ تمام ریفائنریوں کو یورو-5 معیار پر عمل کرنا لازم قرار دیا جائے۔ حکومت نے مسئلے کو سنجیدگی سے نہ لیا تو عوام کا سرکاری اداروں پر اعتماد ختم ہو جائے گا، صحت کے مسائل بھی بڑھ جائیں گے۔