لاہور چیمبر آف کامرس ،مڈ سٹی ہسپتال کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط 

لاہور(کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مڈ سٹی ہسپتال نے ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد لاہور چیمبر کے ممبران اور ان کے اہل خانہ کیلئے معیاری طبی سہولیات یقینی بنانا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد اور مڈ سٹی ہسپتال کے سی ای او پروفیسر ڈاکٹر ثاقب صدیق نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔ اس موقع پر لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چوہدری اور ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن احد امین ملک بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت مڈ سٹی ہسپتال لاہور چیمبر کے ممبران کو مختلف طبی سہولیات پر خصوصی رعایات فراہم کرے گا۔ اس ایم او یو کے مطابق لاہور چیمبر کے ممبران کو ہسپتال میں داخل مریضوں کے بلوں پر 20 فیصد رعایت، معمول کی لیبارٹری ٹیسٹوں پر 20 فیصد رعایت، ریڈیالوجی سروسز پر 20 فیصد رعایت اور فارمیسی ادویات پر 6 فیصد رعایت دی جائے گی۔ یہ رعایتی سہولیات لاہور چیمبر کا ممبرشپ کارڈ دکھا کر حاصل کی جا سکیں گی جس سے کاروباری برادری کو معیاری طبی سہولیات سستے داموں دستیاب ہوں گی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں ابوزر شاد نے کہا کہ لاہور چیمبر ہمیشہ اپنے ممبران کی فلاح و بہبود کیلئے کوشاں رہتا ہے اور مڈ سٹی اسپتال کیساتھ یہ شراکت ایک اہم پیش رفت ہے۔ 

ای پیپر دی نیشن