آئی ایم ایف، ورلڈبنک کے قرضوں میں جکڑا پاکستان نجات دہندہ کا منتظر ہے: سراج الحق

لاہور/ ملتان (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سرا ج الحق نے کہا ہے کہ کرپٹ سرمایہ داروں اور ظالم جاگیرداروں نے عالمی اسٹیبلشمنٹ کی ڈکٹیشن پر پاکستان کو اس کے نظریے سے دور کرنے کی کوشش کی۔ آج اگر ملک میں کرپشن ، بددیانتی اور مایوسی کے سائے ہیں انہی کرپٹ حکمرانوں کی وجہ سے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ لاہور کی حلف برداری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے قرضوں میں جکڑا ہوا پاکستان کسی نجات دہندہ کی راہ دیکھ رہاہے ۔ جب تک شاہین صفت اور باکردار نوجوان پاکستان کی باگ ڈور نہیں سنبھالتے ، پاکستان کو اندرونی و بیرونی خطرات لاحق رہیں گے ۔انہوں نے کہاکہ سرمایہ اور جاگیردار قارون کے خزانے خرچ کر کے الیکشن کو خرید لیتے ہیں لیکن 2018 ء کے انتخابات میں ایسا نہیں ہوگا ۔جے آئی یوتھ کے نوجوان ان نودولتیوں کو ان کے گھروں میں محصور کردیں گے۔ دریں اثنا سینیٹر سراج الحق نے اپنے ایک بیان میں کہاکہ اسلامی برادر ممالک کے آپس کے اختلافات او ر باہمی تنازعات امت کے لیے نقصان کا باعث ہیں۔مسلم ممالک کے درمیان نفرت سے ہمیشہ دشمن نے فائدہ اٹھایا ہے۔خلیجی ممالک میں موجود اختلافات کو باہمی روابط سے ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ کویت اور ترکی کی طرف سے سعودی عرب اور قطر کے تنازعہ کو حل کرانے کی پیشکش قابل تعریف ہے امید ہے کہ فریقین اس ثالثی سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ بائیکاٹ کی اس پالیسی سے امت مسلمہ کے دشمن فائدہ میں رہینگے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ٹرمپ انتظامیہ کی نظریں اسلامی ممالک کے وسائل پر ہیں۔ خلیج میں ٹرمپ انتظامیہ کی بڑھتی ہوئی مداخلت خطرے کی گھنٹی ہے جس کا بروقت سدباب کرناچاہیے۔ پاکستان عالم اسلا م کی اکلوتی ایٹمی طاقت ہے اپنی حیثیت کی وجہ سے پاکستان کو صلح میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

ای پیپر دی نیشن