شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی) تحریک انصاف (نظریاتی)کے مرکزی چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کور کمانڈر کانفرنس میں ہونے والے فیصلوں کی مکمل تائید، حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کی بلوچستان کی سلامتی، استحکام کیلئے پاک فوج کی قربانیوں اور کاوشوںکو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ غیر ملکی گٹھ جوڑ، انتشار پھیلانے والوںکو کیفر کردار تک پہنچانے کے عمل میں ہر محب وطن پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے نفاذ کو مکمل طور پر یقینی بناتے ہوئے خصوصاً بلوچستان کے عمل میں خلل ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں سے گفتگو کے دوران کیا۔ اختر اقبال ڈار نے کہاکہ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے کسی طور پر معافی کے مستحق نہ ہیں، لہٰذا، ناعاقبت اندیشوں کو آزادی کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے مثبت سوچ کے ساتھ پاک فوج کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔