سپریم کورٹ میں جوڈیشیل کمیشن کے پہلے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ جوڈیشیل کمیشن کا پہلا اجلاس تاریحی اہمیت کا حامل ہے اس اجلاس میں عدالتی اور عوامی نمائندوں نے اہم فیصلے کئے۔ انہوں نے کہا کہ ججوں کی تقرری کے نئے طریقہ کار سے ججوں کے تقرر کے عمل میں شفافیت آئے گی اور اختیارات کی تقسیم کا تصور مزید مضبوط ہوگا یہ ایک ایسا شفاف طریقہ کار ہے جس کی دنیا بھر میں مثالیں دی جائیں گی۔ ڈاکٹر بابر اعوان نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے قیام کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ تیرہ دسمبر سے کام شروع کر دے گی اور اسلام آباد ہائی کورٹ میں چاروں صوبوں کے نمائندہ جج مقرر کئے جائیں گے۔