لاہور(خصوصی نامہ نگار)محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے مس کنڈیکٹ، ڈسپلن کی خلاف ورزی اور سرکاری ٹیچنگ ہسپتالوں میں طبی خدمات میں خلل ڈالنے پر سخت ایکشن لے لیا۔ پانچ میڈیکل افسران کے مستقل پریکٹسنگ لائسنس کی منسوخی کیلئے صدر پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اسلام آباد کو مراسلہ لکھ دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سروسز انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر سلمان حسیب، لاہور جنرل ہسپتال کے میڈیکل آفیسر ڈاکٹر محمد عامر بشیر اور ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال سرگودھا کے 3میڈیکل افسران ڈاکٹر محمد اسجد سلیم، ڈاکٹر اسامہ بن سعید اور ڈاکٹر واجد علی کے مستقل پریکٹسنگ لائسنس کی منسوخی کیلئے مراسلہ لکھا گیا ہے۔ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن پہلے ہی ڈاکٹر سلمان حسیب کو معطل و شوکاز نوٹس جاری اور ڈاکٹر محمد عامر بشیر، ڈاکٹر محمد اسجد سلیم، ڈاکٹر اسامہ بن سعید اور ڈاکٹر واجد علی کو نوکری سے برخاست کر چکا ہے۔ اس کے قبل بھی 8 دیگر میڈیکل افسران کے مستقل پریکٹسنگ لائسنس کی منسوخی کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو مراسلہ لکھا گیا ہے۔