والدین اور معاشرہ کے فرائض میں سے اہم ترین فریضہ یہ بھی ہے کہ وہ اپنے بچے بچیوں کی اچھی تربیت کریں۔ اس لیے کہ بچے کسی بھی قوم کا مستقبل ہوتے ہیں۔ بچوں کی تعلیم وتربیت جتنی اچھی ہوگی قوم کا مستقبل بھی اتناہی محفوظ اور مضبوط ہوگا۔بچوں کی تعلیم وتربیت میں کتابیں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لیے اصلاحی اخلاقی کتب کا انتخاب کریں۔زیر تبصرہ کتاب ’مقامات قرآن سیریز‘ بھی اسی سلسلہ کی کڑی ہے۔ یہ سیریز تین حصوں پر مشتمل ہے۔آرٹ پیپر چہار رنگ تصاویر کے ساتھ طبع شدہ ان کتب کا انداز بیان سادہ ، عام فہم اور بہت دلچسپ ہے۔ ان کتب میں تین قرآنی مقامات کا ذکر ہے : یعنی قبلہ اول بیت المقدس ، مقامات عاد ، مقامات ثمود۔
مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں کے قبلہ اول ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔یہ امر ساری امت مسلمہ کے لیے تکلیف کا باعث ہے کہ انبیاء علیھم السلام کی یہ سرزمین نصف صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود بھی یہودیوں کے قبضے میں ہے۔ یہودی اس سرزمین کو اپنی ملکیت سمجھتے ہیں جو کہ سراسر غلط بیانی ہے۔بیت المقدس کی تاریخی حیثیت؟ یہودیوں کا اس مقدس سرزمین کے بارے میں کیا موقف ہے اور ان کے دعوے کی حقیقت کیا ہے؟ ان سمیت دیگر بہت سے تاریخی اہمیت کے حامل سوالات کے جوابات اس کتاب میں دیے گئے ہیں۔ ہمارے بچوں کو اسلامی تاریخ کے ان اہم پہلوؤں کا علم ہونا چاہیے۔اس وقت جبکہ ایک سال سے زائد عرصہ سے انبیاء علھیم السلام کی سرزمین فلسطین لہولہان ہے ضروری ہے کہ ہم اس کتاب کا مطالعہ ہم اپنے بچوں کو کروائیںممکن ہے کہ اللہ ان میں سے کوئی صلاح الدین ایوبی پیدا کرے جو ایک بار پھر ارض فلسطین کو یہودی پنجے سے آزاد کروائے۔
قوم ثمود کا تذکرہ اللہ نے قرآن کے مختلف حصوں میں بیان کیا ہے۔ اس قوم کی طرف اللہ نے سیدنا صالح علیہ السلام کو بھیجا جنھوں نے انھیں ایک اللہ کی عبادت کا حکم دیا اور شرک سے روکا۔ مگر اس قوم نے اللہ کے حکم کو جھٹلایا اور اپنی طاقت پر غرور کیا۔ ان کا یہ غرور انھیں اس حد تک لے آیا کہ اس بد بخت قوم نے بطور معجزہ اتاری گئی اونٹنی کو بھی قتل کر دیا۔ یوں ایک زور دار چیخ نے اللہ کے عذاب کی صورت انھیں گھیر لیا اور یہ اپنے مضبوط ترین گھروں میں اوندھے منہ پائے گئے۔ پہاڑوں کو کاٹ کر بنائے گئے ان کے یہ گھر آج تک موجود ہیں۔ زیر نظر کتاب میں قوم ثمود کے کئی مقامات کا بھی تذکرہ ہے جو رہتی دنیا کے مسلمانوں کے لیے نصیحت کا باعث ہیں۔ ایسی ہی ایک تباہ حال بستی قوم عاد کی بھی تھی۔ جب انھوں نے سیدنا ہود علیہ السلام کی لائی ہوئی دعوت کا انکار کیا ، اللہ کے ساتھ شرک کیا اور دوسری قوموں پر ظلم و ستم کر کے انھیں زبردستی غلام بنا لیا تو اللہ نے ان پر آندھی کا عذاب نازل کیا۔ اس تیز آندھی وطوفان نے نہ صرف ان کے بلند و بالا مکانات کو گرا دیا بلکہ انسانوں کو زمین سے اٹھایااور بلندی پر لے جا کر واپس پٹخ دیا۔ یہ بات مشاہدے میں ہے کہ بچوں کو سیر سپاٹے کا بے حد شوق ہوتا ہے۔ اس لیے بھی گھومنا پھرنا انسانی فطرت میں ہے ان کتابوں سے جہاں بچے مقامات قرآن کی سیر کریں گے وہاں وہ سابقہ امتوں کے واقعات سے نصیحت بھی حاصل کریں گے۔ 74 صفحات کی اس کتاب کی قیمت 900روپے ہے اور اسے حاصل کرنے کے لیے دارالسلام انٹرنیشنل نزد لوئر مال سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور یا 042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔