راولپنڈی(اپنے سٹاف رپورٹر سے )چیئرمین وزیر اعلی پنجاب پنجاب انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف نے کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں حکومت پنجاب کی طرف سے رمضان میں سستے بازاروں کے قیام، مہنگائی میں کمی، تجاوزات کے خاتمے، سیکورٹی کے انتظامات اور عید کے دوران صفائی و سکیورٹی کے بہترین انتظامات نے عوام کو بھرپور ریلیف فراہم کیا۔ ان اقدامات سے نہ صرف عوامی زندگی میں آسانی آئی بلکہ حکومت پنجاب نے شہریوں کی حفاظت اور سکون کے لیے بھی جامع حکمت عملی اپنائی، جس کے نتیجے میں رمضان اور عید کی تعطیلات پْرامن اور خوشگوار رہیںحکومت پنجاب کے ان اقدامات سے شہریوں نے اپنی عبادات امن و سکون کے ساتھ انجام دیں اور عید کی خوشیاں بلا کسی پریشانی کے منائیں۔ گزشتہ روز اپنے آفس میں وفود سے بات چیت کرتے ہوئے راجہ محمد حنیف نے کہا کہ رمضان المبارک کے دوران سستے بازاروں کا قیام عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہوا۔ حکومت پنجاب کی جانب سے مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات نے عوام کو روزمرہ کی اشیاء سستے داموں فراہم کیں اور عوام کو ریلیف پہنچایا۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کی وجہ سے مارکیٹوں اور بازاروں میں خریداری میں آسانی ہوئی اور عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔راجہ محمد حنیف نے رمضان میں سحری، افطاری اور تراویح کے دوران سکیورٹی کے انتظامات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے اس بات کو یقینی بنایا کہ عوام اپنی عبادات پْرامن ماحول میں کرسکیں۔