لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے منشیات فروشوں کیخلاف کارروائیوں میں تیزی لانے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہاہے کہ منشیات کی آن لائن سپلائی اور استعمال کے خلاف ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔سی سی پی او لاہورنے تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ و کومبنگ آپریشنز جاری رکھنے کی ہدایات کرتے ہوئے کہاکہ انسدادِ منشیات کیلئے متعلقہ اداروں کیساتھ انفارمیشن شیئرنگ اور باہمی تعاون کو یقینی بنایا جائے۔منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کو قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔ رواں سال منشیات فروشی کیخلاف کارروائیوں میں 3ہزار 99ملزمان کو گرفتارکر کے3ہزار 36مقدمات کا اندراج کیا گیا ہے۔ گرفتار ملزمان سے 2157 کلو چرس،207کلو افیون،184کلو آئس،127کلو ہیروئن اور18ہزار لٹرشراب برآمد کی گئی ہے۔سٹی ڈویژن میں منشیات کے574،کینٹ میں 693، سول لائنزمیں 330، صدر ڈویژن میں 487،اقبال ٹاؤن میں 427اورماڈل ٹاؤن ڈویژن میں 588ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔