لاہور (کامرس رپورٹر) چین کے سرمایہ کاروں نے پنجاب میں سولر انرجی، ای وی سیکٹر، فارماسیوٹیکل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کا عندیہ دیا ہے۔ اس امر کا اظہار صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے چین کی متعدد سرمایہ کار کمپنیوں کے حکام نے ڈیفنس میں ملاقات میں کیا ہے۔ جس میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر بات چیت ہوئی۔ صوبائی وزیر تجارت چودھری شافع حسین کو آگاہ کیا گیا کہ چین کی سرمایہ کار کمپنیاں پہلے مرحلے میں اسمبلنگ، دوسرے میں مینوفیکچرنگ پلانٹ لگائیں گی اور تیسرے مرحلے میں ٹیکنالوجی ٹرانسفر کریں گی۔ شافع حسین نے چین کے سرمایہ کاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے کاروباری سرگرمیوں کا پرکششِ مقام بنا دیا ہے۔ گزشتہ ایک سال میں 200 سے زائد غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے مل چکا ہوں۔ متعدد سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف سیکٹر میں سرمایہ کاری پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چین کی وی وو موبائل فون کمپنی نے انڈسٹریل اسٹیٹ فیصل آباد میں مینوفیکچرنگ پلانٹ کی تعمیر شروع کر دی ہے اور یہ پلانٹ 2سال میں پیداوار شروع کر دے گا۔