راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) دربارِ عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمدنقیب الرحمن نے کہا ہے ہمارے آقا و مولا محسن ِاعظمِ انسانیت بن کر تشریف لائے اور قیامت تک آنے والی انسانیت کے لئے تعلیماتِ نبوی بہترین تعلیم و تربیت کا سامان مہیا کرتی ہیں جن سے مزین ہو کر ہم اپنی دنیوی و اخروی زندگی سنوار سکتے ہیں اور اپنی تخلیق کے مقصد کو سمجھ سکتے ہیں، یہی نورانی تعلیماتِ نبوی مخلوقِ خدا تک پہنچانا، یاد کروانا اوران کا تزکیہ اور تربیت کرنا خانقاہی نظام کا خاصا ہے۔آج ہم اپنے نبی ؐ کی نورانی تعلیمات سے دور ہونے کی وجہ سے ایک دوسرے سے بد گمان، بد اخلاق، جھگڑالو اور ایک دوسرے کی عزتیں پامال کرنے لگ پڑے ہیں جو ہمارے لئے اْخروی زندگی میں سرا سر خسارہ ہے۔اِن خیالات کا اظہار اْنہوں نے عید گاہ شریف میں منعقدہ ہفتہ وار درسِ حدیث ِپاک کی محفل سے خطاب کے دوران کیا۔ محفل کے اختتام پر پیر محمد نقیب الرحمن نے وطن ِعزیز کی سلامتی، خوشحالی، ترقی، افواجِ پاکستان کی سربلندی، اتحاد بین المسلمین اور کشمیر و فلسطین کے مسلمانوں کی ظلم و بربریت سے نجات و آباد کاری کے لئے خصوصی دعا کی۔