لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان سپر لیگ 10میں آج مزید ایک میچ کھیلا جائیگا۔ ملتان سلطانز اور پشاور زلمی کی ٹیمیں ملتان کرکٹ سٹیڈیم ملتان میں مد مقابل ہونگی ۔ میچ رات8بجے شروع ہوگا۔ سلطانز کے دو میچ باقی ہیں جبکہ پلے آف مرحلہ سے پہلے ہی باہر ہوچکی ہے ۔ کل بروز منگل لیگ میں آرام کا دن ہے اور کوئی میچ نہیں کھیلا جائیگا۔ بدھ سات مئی کو ایک میچ کھیلا جائیگا جس میں اسلام آباد یونائٹیڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی ۔ میچ رات 8بجے پنڈی سٹیڈیم راولپنڈی میں کھیلا جائیگا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 8میچوں میں 11پوائنٹس کیساتھ سر فہرست ہے ۔ اسلام آباد یونائٹیڈ کی ٹیم 8میچوں میں دس پوائنٹس کیساتھ دوسرے نمبر پر ہے ۔ لاہور قلندرز کے 8میچوں میں 9پوائنٹس اور تیسری پوزیشن ہے ۔ کراچی کنگز کے سات میچوں میں 8پوائنٹس اور چوتھی پوزیشن ‘پشاور زلمی کے سات میچوں میں چھ پوائنٹس اور پانچویں پوزیشن ہے ۔ ملتان سلطانز کے 8میچوں میں دو پوائنٹس اور آخری پوزیشن ہے ۔ کراچی کنگز میں دو تبدیلیاں کردی گئیں، انجرڈ ہونے والے فاسٹ بائولرز فواد علی اور ایڈم ملنے کی جگہ سعد بیگ اور شاہنواز دھانی ٹیم کا حصہ بن گئے۔ فاسٹ بولر فواد علی ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہونے کے بعد آئندہ چند میچز سے باہر ہوگئے ہیں فواد کی جگہ ایمرجنگ کیٹیگری میں کراچی کنگز نے پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بیٹر سعد بیگ کو سکواڈ میں شامل کیا ہے۔ فاسٹ بائولر شاہنوازدھانی کو سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔