کرکٹ بورڈ نے چار افسران کے لیے نئی گاڑیاں خرید کرپابندی کو ہوا میں اڑا دیا

لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ نے چار افسران کے لیے نئی گاڑیاں خرید کر اپنے ہی بنائے قوانین کو توڑ دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق موجودہ بورڈ نے افسران کے لیے نئی گاڑیاں نہ خریدنے کی پالیسی بنائی تھی۔ نئی پالیسی کے مطابق اعلی افسران کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے خزانے سے نئی گاڑیاں نہیں خریدی جائیں گی۔ موجودہ بورڈ نے پالیسی بنائی تھی کہ افسران کے لیے گاڑیاں خریدنے کے بجائے تنخواہ میں الاونس شامل کیا جائے گا تاہم اس پالیسی کو نظرانداز کرتے ہوئے چار نئی گاڑیاں خرید کر خزانے پر لاکھوں کا بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نئے مینجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر میڈیا، چیف امپلیمینٹیشن آفیسر اور ڈائریکٹر ہیومن ریسورس کو بھی نئی گاڑیاں ملیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے ذاتی حیثیت میں کفایت شعاری کی پالیسی اپناتے ہوئے ایک مرتبہ پھر بورڈ سے گاڑی لینے سے معذرت کر لی ہے تاہم وہ افسران کے لیے نئی گاڑیاں خریدتے ہوئے موجودہ بورڈ کی پالیسی پر عملدرآمد کروانے میں ناکام ہو گئے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن