اسلام آباد‘ راولپنڈی‘ کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ این این آئی) یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جائے گا۔ وفاقی حکومت نے آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کرتے ہوئے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کابینہ ڈویژن نے سرکاری چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ کیبنیٹ ڈویژن سیکرٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ کل 5 فروری 2025ء بروز بدھ یومِ کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں عام تعطیل ہوگی اور تمام سرکاری دفاتر بند رہیں گے۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ملک بھر میں شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی جائے گی۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ حکومت پاکستان کے اعلان کے مطابق بدھ 5 فروری 2025 کو یومِ کشمیر کے موقع پرعام تعطیل کی بنا پر اس کے دفاتر بند رہیں گے۔ اس کے علاوہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر ملک بھر کی طرح راولپنڈی کی ماتحت عدالتوں میں بھی عام تعطیل ہوگی، سیشن، سول، فیملی عدالتوں، ہائی کورٹ میں آج 5 فروری کو چھٹی ہوگی۔ دوسری جانب یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ جاری کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کا نیا نغمہ ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ گلوکار احمد جہانزیب نے گایا۔ نغمے کی دھن عرفان سلیم اور کامران اللہ خان نے بنائی جبکہ بول عمران رضا نے لکھے ہیں۔ 5 فروری کی مناسبت سے تیار کیا جانے والا یہ گیت ایک عزم ہے۔یوم کشمیر پر ملک کے بڑے شہروں میں ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے رہیں گے۔ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق لاہور، کراچی، اسلام آباد کے ریجنل پاسپورٹ دفاتر کھلے ہوں گے۔یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرچیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے بہادر عوام کی حق خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتی ہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سروسز چیف نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کہا ہے کشمیری عوام کے ناقابل تسخیر عزم کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،دہائیوں سے جاری ریاستی جبر، ظلم و ستم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں، ان کا استقلال اور حوصلہ پوری قوم کے لیے ہمت و جرات کی علامت ہے۔پاکستان کی مسلح افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور غیر قانونی گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتی ہیں، یہ مظالم عالمی قوانین، انسانی اصولوں اور بنیادی انسانی حقوق کی صریح خلاف ورزی ہیں، جو بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتی ہیں۔ہم عالمی برادری، انسانی حقوق کی تنظیموں اور اقوام متحدہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے مصائب کا نوٹس لیں اور اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کریں۔پاکستان کی مسلح افواج کشمیری عوام کے جائز حق کے لیے ثابت قدم ہیں اورملک کی خودمختاری و سالمیت کے تحفظ کے اپنے قومی فریضے کو پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ہم کشمیری بھائیوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی آزادی اور وقار کے لیے ہر ممکن حمایت جاری رکھیں گے۔