مریم اورنگزیب کی زیر صدارت راولپنڈی میں ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت جائزہ اجلاس

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے جمعہ کو راولپنڈی کمشنر آفس میں ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہونے والی ایک اہم میٹنگ کی صدارت کی۔وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چودھری ، ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، پنجاب اسمبلی کے  ارکان ضیااللہ شاہ، پارلیمانی سکریٹری شازیہ رضوان، اسمٰاء￿  عباسی، سابق میئرسردارنسیم، کمشنر عامر خٹک ، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ ،ڈی جی آرڈی اے کنزہ مرتضی اور دیگر اعلیٰ حکام نے اس اجلاس میں شرکت کی۔میٹنگ کے دوران عیدالفطر کے انتظامات، بجلی کے نرخوں میں کمی، اور عوامی خدمات کی بہتری جیسے اہم معاملات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے عید کے موقع پر ٹرانسپورٹ نظام میں شفافیت اور مسافروں کو زیادہ وصول کیے گئے کرایوں کی بروقت واپسی کو عوامی اعتماد کی بحالی کا اہم قدم قرار دیا۔ انہوں نے "ستھرا پنجاب" مہم کے تحت کیے گئے کاموں کی پیشرفت کو سراہتے ہوئے شہری علاقوں میں نکاسی آب اور صفائی کے نظام کو فوری بہتر بنانے کی ہدایات بھی کی۔مزید براںسینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تھانہ نیو ٹاؤن اور ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کا اچانک دورہ کیا، صوبائی وزیر نے وزیر اعلی پنجاب کے حکم پر تھانہ نیو ٹاؤن کو سمارٹ پولیس سٹیشن بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے تھانے میں مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کی تنصیب، ٹوکن سسٹم کے آغاز اور عوام کی راہنمائی کے لیے نشانات آویزاں کرنے اور خواتین کے لئے انتظامات کو بہتر بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے تھانے میں ہوا اور روشنی کی فراہمی کیلئے اقدامات، عمارت کی مرمت، رنگ روغن اور داخلی  علاقے کی صفائی کی بھی ہدایت کی۔ بعد ازاں پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ہولی فیملی ہسپتال کا دورہ کیا اور صحت سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ سینئر صوبائی وزیر نے ہولی فیملی ہسپتال میں صفائی، ادویات کی فراہمی، علاج معالجے کی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کی ایمرجنسی میں بستروں کی تعداد مزید بڑھانے اور چار میں سے دو بند پڑے آپریشن تھیٹرز بھی فعال کرنے کی ہدایت کی۔

ای پیپر دی نیشن