شیخوپورہ(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر میاںجاوید لطیف نے کہا ہے کہ 8 فروری کی قربانی کو ہم بھول جاتے ہیں مگر اس کے بدلہ میں ملک وقوم کو درپیش مسائل ‘ مصائب اور مشکلات کم ہوجانی چاہیے اگر ایسا ممکن ہوجائے تو یہ سودا مہنگا نہیں ہے اگر ہماری خاموشی کے باوجود بھی ریاست کے مسائل اور عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی نہیں ہوتا تو اور تکالیف بڑھ جائیں تو یہ دھر تی ماں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی اور بڑا المیہ ہے ہماری کسی سے کوئی ذاتی لڑائی نہیں ہے بلکہ ریاست کا امن اورمخلوق خدا کی خدمت کیلئے جدوجہد ہمارا فرض ہے ۔ پالیسی سازوں کو سب سے پہلے پاک وطن کی خودمختاری کو یقینی بناناہوگا۔ آج سے زبان بندی ختم کر رہا ہوں اب شہر کی خاطر بولوں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) سٹی شیخوپورہ کے جنرل سیکرٹری میاں رفاقت علی کی طرف سے جمال گارڈن میں منعقدہ عید ملن پارٹی سے خطاب کے دوران کیا اس موقع پر میاں عبدالرئوف، اشتیاق احمدڈوگر، میاں امجد لطیف، میاں منور اقبال ، کرنل (ر) عبدالرئوف سندھو ، طاہر شہزاد کمبوہ، ملک اعجاز احمد، میاں بلال امجد، چودھری امان اللہ سوہل،ملک عرفان اسلام ،میاں تنویر احمد ،حاجی یعقوب بگا، ناصرمحمودوٹو، محمداشفاق پپو مہر، چودھری ظفر اللہ واہلہ، میجر حسن سردار سمیت دیگرنے بھی خطاب کیا۔ میاں جاوید لطیف نے کہاکہ چند دن تک دیکھیں گے اگر شیخوپورہ عوام نے کہاکہ بتی چوک کا کھلنا بہتر ہے تو معافی مانگوں گا وگرنہ اس پر آنیوالا خرچہ وصول کرینگے ۔