لندن (نوائے وقت رپورٹ) لندن میں بھارتی ہائی کمشن کے باہر مسلم لیگ ن کی کال پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرے میں تمام سیاسی جماعتوں کے رہنما اور کارکنوں نے شرکت کی ۔مظاہرین نے بھارتی حکومت اور مودی کے خلاف نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے پہلگام واقعہ کی انکوائری عالمی سطح پر کرانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ بھارت پاکستان پر حملے کی حماقت نہ کرے، حملہ کیا تو 2019 ء جیسی صورتحال کا سامنا ہو گا۔ احسن ڈار نے کہا کہ پاکستان پر الزام لگانا بھارت کی عادت ہے، بھارت نے بغیر ثبوت پاکستان پر الزام لگایا۔ عالمی طاقتیں بھارت سے جواب طلب کریں۔ مظاہرین کی بڑی تعداد نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔