لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی اسلحہ اور ہوائی فائرنگ کے ذریعے خوف و ہراس پھیلانے والوں کو فی الفور قانون کی گرفت میں لایا جائے۔غیر قانونی اسلحہ کی خریدوفروخت کرنے والے افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔اسلحہ کی نمائش اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزمان کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ قانون شکنی کے مرتکب افراد سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائیگا۔ سوشل میڈیا پر اسلحہ کی تشہیر اور ہوائی فائرنگ میں ملوث افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کی جائے۔ ناجائز اسلحہ اور ہوائی فائرنگ میں ملوث عناصر کیخلاف کارروائیوں کے نتیجے میں گزشتہ تین ماہ میں 3386 ملزمان کوگرفتارکر کے3305 مقدمات کا اندراج کیا گیاہے۔ ہوائی فائرنگ کے245ملزمان کو گرفتارکر کے 209مقدمات کا اندراج کیا گیاہے۔