چیمپئنز ٹرافی: پہلا سیمی فائنل، آسٹریلیا کا بھارت کو 265 رنز کا ہدف

چیمپئنز ٹرافی 2025 کے پہلے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو جیت کےلیے 265 رنز کا ہدف دے دیا۔ 

دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے اس میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس ہارنے کے بعد بھارتی ٹیم کو آغاز تو اچھا ملا لیکن صرف تھوڑی دیر کا، تیسرے اوور میں 4 رنز پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد آسٹریلوی بیٹرز نے اچھی بیٹنگ کی اور 8 اوور میں اسکور 53 تک پہنچا دیا۔

بعدازاں اگلے اوور میں آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 54 رنز پر گر گئی جب سیٹ ہونے والے بیٹر ٹریوس ہیڈ 39 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اس کے بعد اسٹیو اسمتھ اور مارنس لبوشین نے دوبارہ پارٹنرشپ قائم کی ٹیم کو 110 کے ہندسے تک پہنچایا، تاہم اس موقع پر لبوشین 29 رنز بنا کر رویندرا جاڈیجا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہوگئے۔ 

چوتھی وکٹ پر پھر آسٹریلین بلے بازوں نے اننگز کو آگے بڑھانے کی کوشش کی تاہم اس مرتبہ 144 کے مجموعے پر 11 رنز بنانے والے جوش انگلس میدان بدر ہوئے، انہیں بھی جاڈیجا نے آؤٹ کیا۔ 

وکٹ کی ایک جانب اسٹیو اسمتھ رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے تھے لیکن اس مرتبہ انکے ساتھ ایلکس کیری آئے ، دونوں کے درمیان ففٹی پارٹنرشپ بنی لیکن ایک غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے اسمتھ 73 رنز بنا کر محمد شامی کی گیند پر 198 کے مجموعے پر بولڈ ہوگئے۔ 

نئے آنے والے بلے باز گلین میکسویل تھے، وہ چھکا لگانے کے بعد اگلی ہی گیند پر ورون چکرورتی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 

یہاں ذمہ داری ایلکس کیری نے سنبھالی اور اپنی ٹیم کے اسکور کو آگے بڑھاتے رہے، وہ 61 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹے۔ انکا ساتھ بین ڈارشوئس نے 19، ایڈم زیمپا نے 7 رنز بنا کر دیا جبکہ اختتامی لمحات میں نیتھن ایلس نے 10 اور تنویر سانگھا کے ایک رن نے آسٹریلیا کو 264 تک پہنچایا۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے تین وکٹیں لیں، رورن چکرورتی اور رویندرا جاڈیجا نے دو دو جبکہ ہاردیک پانڈیا اور اکشر پٹیل نے ایک ایک وکٹ لی۔ 

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے آسٹریلوی ٹیم کے کپتان اسٹیواسمتھ نے کہا کہ آج کے میچ کے لیے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں۔

اس موقع پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما نے کہا کہ ہم نے یہاں 3 میچز کھیلے ہیں، ہمیں اچھی کرکٹ کھیلنی ہے، چاہے پہلے بیٹنگ کریں یا بولنگ۔

واضح رہے کہ دونوں ٹیموں نے اب تک ٹورنامنٹ میں اپنا کوئی بھی میچ نہیں ہارا ہے، بھارت اپنے تینوں میچ جیت کر سیمی فائنل میں پہنچا ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم صرف ایک میچ جیت کر سیمی فائنل تک پہنچی ہے، گروپ مرحلے میں اس کے 2 میچ بارش کی نذر ہوئے تھے۔

چیمپئنز ٹرافی کا دوسرا سیمی فائنل کل نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقا کے درمیان لاہور میں کھیلا جائے گا

ای پیپر دی نیشن