نارووال ( این این آئی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال نے کہا ہے کہ دو سال پہلے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا،آج معاشی اشاریے مثبت سمت میں ہیں،ہمیں نفرت کو ختم کرکے ایک قوم بننا ہے،نوجوان طلبا کو چاہیے کہ سوشل میڈیا کے پھندے سے خود کو بچائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نارووال میڈیکل کالج کی پہلی وائٹ کوٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں وائس چانسلر کنک ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز،وائس چانسلر فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر خالد مسعود گوندل،سابق وزیر صحت پنجاب پروفیسر جاوید اکرم نے بھی شرکت کی ۔احسن اقبال نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج میں داخل ہونے والے طلباء اور والدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں آج میرا خواب نارووال میڈیکل کالج کی صورت میں مکمل ہوا ہے۔مجھے نارووال کے لوگوں نے میری تعلیم کی بنیاد پر منتخب کیا۔آج میں نے بہترین تعلیم کے تمام تر مواقع نارووال میں پیدا کرکے اپنے اوپر نارووال کی عوام کے اعتماد کوپورا کیا ہے۔آج نارووال کے نوجوانوں کیلئے یہاں یونیورسٹی آف نارووال اور انجینئرنگ یونیورسٹی اور ویٹرنری یونیورسٹی بھی موجود ہے۔میری خواہش تھی کہ ڈاکٹر ظفر چودھری سے نارووال میڈیکل کالج کو جوائن کریں۔انہوں نے کہا کہ مجھے نارووال کے نوجوانوں کے لئے سپورٹس سٹی کا منصوبہ بنانے کے جرم میں جیل میں ڈالا گیا،تبدیلی سرکار کے دور میں نارووال میڈیکل کالج کا منصوبہ التواء کا شکار رہا۔آج نارووال میڈیکل کالج میں 100طلبہ مستقبل کے مسیحا بننے کے لئے اپنے سفر کا آغاز کر رہے ہیں۔اس کالج کو بنانے کا مقصد میڈیکل کی تعلیم میں ریسرچ خو فروغ دے۔جدید تحقیق اس کالج کی پہچان ہونی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج کی فکیلٹی کا چناو میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا۔اب فکیلٹی ممبران کو چاہیے کہ وہ نارووال میڈیکل کالج میں تعلیم کی بنیاد ماڈرن ریسرچ پر رکھیں۔بہترین ڈاکٹر بننے کے ساتھ ساتھ آپ کو بہترین لرنر بھی بننا ہے۔نوجوان طلبا کو چاہیے کہ سوشل میڈیا کے پھندے سے خود کو بچائیں۔آج سے دو سال پہلے ملک ڈیفالٹ کے دہانے پر کھڑا تھا۔آج ہماری سٹاک مارکیٹ میں ریکارڈ بہتری آئی ہے۔گزشتہ دو سال کی نسبت آج ملک کے معاشی اشاریے مثبت سمت میں ہیں۔ہمیں نفرت کو ختم کرکے ایک قوم بننا ہے۔ایسی سوچ جو ہم کو پاکستان کے بارے میں بدگمان کرتی ہے ایسی سوچ سے ہمیں نفرت کرنی ہے۔نفرت کا پیغام دینے والے پاکستان کے دوست نہیں ہیں۔نفرت کی بنیاد پر کیے جانے والے پراپیگنڈا سے متاثر ایک نوجوان نے میرے اوپر گولی چلائی تھی۔ اللہ تعالی نارووال میڈیکل کالج کے طلبا کو ملک و ملت کے لئے بہترین سرمایہ بنائے۔وائس چانسلر فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی و پرنسپل نارووال میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر ظفر نے کہا کہ نارووال میڈیکل کالج میں داخل ہونے والے طلبااور انکے والدین کو مبارکباد کے مستحق ہیں۔نارووال میڈیکل کالج احسن اقبال چودھری کا خواب تھا جو آج حقیقت بن چکا ہے۔احسن اقبال نے نارووال کو صحیح معنوں میں علم کی بستی بنایا ہے۔تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال چودھری نے میڈیکل کالج میں داخلہ لینے والے طلبہ اور طالبات کو نارووال میڈیکل کالج کی کیپس بھی پہنائیں۔