لاہور (کامرس رپورٹر) چینی سرمایہ کار کمپنیوں کے اعلیٰ سطحی وفد کا پیڈمک ہیڈ آفس کا دورہ، پیڈمک کے زیرانتظام انڈسٹریل اسٹیٹس میں سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کیلئے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پیڈمک کے زیرانتظام پاک چائنہ بزنس سیل اور ریسرچ لیب بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ چیئرمین پنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس ڈویلپمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی جاویداقبال نے بورڈ ممبران اور سندر انڈسٹریل اسٹیٹ کے صنعت کاروں کے ہمراہ چینی وفد کا استقبال کیا۔ وفد میں ٹیکنالوجی، ٹریڈ اور انفراسٹرکچر سے متعلقہ 13 سے زائد چینی کمپنیوں کے نمائندے شامل تھے۔ پیڈمک کے جاری منصوبوں، صنعتکاروں کو دی جانے والی سہولیات اور صنعت دوست اقدامات سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ چینی وفد نے مینوفیکچرنگ، توانائی اور لاجسٹکس سمیت مختلف شعبوں میں دلچسپی کا اظہار کیا۔سی ای او پیڈمک کیپٹن(ر) شعیب علی اور چینی وفد کی جانب سے سی ای او پریسائز ڈویلپمنٹ ایچ کے لمیٹڈ ہیوڈیوڈ چیو نے معاہدے پر دستخط کئے۔ چیئرمین پیڈمک جاوید اقبال نے کہا ہم چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں خوش آمدید کہتے ہیں، انہیں پیڈمک کے صنعتی زونز میں سرمایہ کاری کیلئے ہرممکن سہولیات اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ چینی وفد نے پیڈمک کے صنعتی زونز کے انفراسٹرکچر، معیار اور ون ونڈو آپریشنز جیسے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں ملین ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنے کا عندیہ دیا۔