ڈیجیٹل یوتھ ہب کے تحت 12 لاکھ نوجوانوں کی تربیت کا منصوبہ

چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں نے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کے دورے کئے،یوتھ کنونشنز سے اپنے خیالات کا اظہار کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کے پیغام کو نوجوانوں تک پہنچایا۔ کوہاٹ یونیورسٹی، صوابی میں غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، سوات یونیورسٹی، کامسیٹ یونیورسٹی ایبٹ آباد اور خیبرپختونخوا کے دور افتادہ علاقہ میں قائم چترال یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کیا۔ نوجوانوں کوحکومت کی طرف سے اٹھائے گئے انقلابی اقدامات سے آگاہ کیا۔ خیبرپختونخوا میں وزیراعظم یوتھ چیئرمین رانا مشہود احمد خاں کی جانب سے یوتھ کنونشنز کا انعقاد اور یونیورسٹیاں کے دورے انتہائی کامیاب رہے کیونکہ گزشتہ تحریک انصاف کی حکومت میں لیپ ٹاپ سکیم ختم کردی گئی تھی، قابل اور ذہین طلبہ کو لیپ ٹاپ سے محروم کردیا گیا تھا، سکالر شپس بھی بند کردیئے گئے تھے، وزیراعظم محمد شہباز شریف کے لیپ ٹاپ سکیم اور سکالر شپ کے دوبارہ شروع کرنے کے اعلان سے خیبرپختونخوا کے طلبہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور ذہین طلبہ سکالر شپ کی بنیاد پر بیرون ممالک بھی اعلیٰ تعلیم حاصل کرسکیں گے اس کے علاوہ میرٹ کی بنیاد پر لیپ ٹاپ بھی ملیں گے۔
وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے غلام اسحاق خان انسٹیٹیوٹ آف انجینئرنگ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ٹوپی ضلع صوابی میں طلبہ کے ساتھ نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی پر مشاورتی سیشن سے خطاب کے دوران کہا کہ اْمید ہے کہ نیشنل یوتھ پالیسی اگلے 3 ماہ میں تیار ہوجائے گی، ہم ایک ایسی یوتھ پالیسی بنانے کی کوشش کررہے ہیں جس کی کابینہ، پارلیمنٹ اور تمام صوبائی اسمبلیوں سے توثیق ہو، میں نے اس سلسلہ میں پہلے ہی اعلیٰ تعلیم کے مختلف مراکز کادورہ کیا ہے اور جلد ہی مزید 28 یونیورسٹیوں کا دورہ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے نوجوان ملک کے حقیقی سفیر ہیں اور اپنے عزم و کردار سے قوم کی تقدیر بدل سکتے ہیں، حکومت ڈیجیٹل یوتھ ہب کے تحت 12 لاکھ نوجوانوں کو تربیت دینے کا منصوبہ بنایا ہے اور انہیں مختلف ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک میں ملازمتوں کیلئے بھیجنے کی حکمت عملی تیار کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف کے ویژن کے مطابق مفت لیپ ٹاپ سکیم کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت ڈیڑھ لاکھ طلبہ کو آسان اقساط پر لیپ ٹاپ فراہم کرنے کا منصوبہ بھی بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نوجوانوں میں انتشار پھیلانے کی سازش کی گئی لیکن پاکستان مخالف قوتیں کامیاب نہیں ہوں گی کیونکہ ہمارے پاس فوج ایک مضبوط ادارہ ہے۔
چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے یونیورسٹی آف سوات میں نیشنل ایڈولسنٹ اینڈ یوتھ پالیسی پر مشاورتی سیشن منعقد کیا اس دوران اپنے خیالات اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت نوجوانوں کو سفارش کی بجائے میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر مواقع فراہم کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ وزیراعظم کے ویژن کے تحت تعلیم، مہارتوں کی ترقی، روزگار اور نوجوانوں کی شمولیت کے شعبوں میں بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں، نوجوانوں کو با اختیار بنانے کیلئے لیپ ٹاپ سکیم، سکالر شپس، سائنس ٹیکنالوجی، آئی ٹی اور کھیلوں کے شعبوں میں مختلف مواقع فراہم کئے جارہے ہیں، حکومت پاکستان تاریخ کا سب سے بڑا ٹیکنیکل ایجوکیشن پروگرام شروع کررہی ہے تاکہ نوجوانوں کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم ہوسکیں۔ انہوں نے دینی مدارس کے طلبہ کو مرکزی تعلیمی اور پیشہ ورانہ مواقعوں سے جوڑنے کی اہمیت پر زور دیا تاکہ معاشرتی تفریق کا خاتمہ ہو اور قومی ترقی کے سفر میں سب کا کردار شامل ہو۔ 
 چترال یونیورسٹی میں بھی یوتھ کنونشن ہوا ، اس موقع پر رانا مشہود احمد خاں نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دشمن ہمارے ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنا چاہتے ہیں، انڈیا نے کھلے عام دھمکیاں دیں لیکن پاکستان عراق، لیبیا اور شام نہیں پاکستان ایٹمی قوت ہے، انڈیا نے جارحیت کی تو پاک فوج بھرپور جواب دے گی، کشمیر پاکستان کا ہے اور رہے گا، کشمیریوں کے ساتھ ہم کھڑے ہیں، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ کے اجلاس میں کشمیر یوں پر انڈیا کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم سے دنیا کو آگاہ کیا، غزہ پر وزیراعظم نے عالم اسلام کی نمائندگی کی، نوجوان پاکستان کا مستقبل ہے،  حکومت نوجوانوں کی فلاح و بہبود کیلئے انقلابی اقدامات اٹھارہی ہے، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ یوتھ پالیسی بنائی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے دن رات محنت کی وجہ سے ملک معاشی طور پر مضبوط ہورہا ہے۔ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف کی صاحبزادی و پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب کے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔
پشاور میں مسلم لیگ (ن) یوتھ کنونشن صوبے کی تاریخ میں ایک بہت بڑا اور تاریخی کنونشن ثابت ہواجس میں قبائلی اضلاع سمت  صوبے بھر سے ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔یوتھ کنونشن کی کامیابی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاتا ہے کہ ہال نوجوانوں سے کھچاھچ بھرا ہوا تھا جبکہ باہر سینکڑوں کی تعداد میں نوجوان کھڑے ہوکر اپنے قائدین کا بے تابی سے خطاب سن رہے تھے۔ کامیاب یوتھ کنونشن کا کریڈیٹ وفاقی وزیر برائے امور کشمیر انجینئر امیر مقام، وزیراعظم یوتھ کوآرڈی نیٹر خیبرپختونخوا بابر سلیم اور اْن کی ٹیم کو جاتا ہے جنہوں نے دن رات محنت کرکے ایک کامیاب کنونشن کا انعقادکیا۔ وزیراعظم  کے دست راست  چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں  جب وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ ہال پہنچنے تو سینکڑوں کارکنوں نے کھڑے ہوکر اپنے قائدین کا پرتپاک استقبال کیا۔ میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف، انجینئر امیر مقام اور رانا مشہود احمد خاں کے نعرے گونج اٹھے، اور رانا مشہود احمد خاں نے کامیاب یوتھ کنونشن پر انجینئر امیر مقام کو مبارکباد دی۔ 
کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خاں نے وزیراعظم کے نوجوانوں کو با اختیار بنانے کے پروگرام پر روشنی ڈالی جس میں فنی تعلیم، روزگار، ہنر مندی کے فروغ، قرضہ سکیم اور سکالر شپ کے اقدامات شامل ہیں، ان اقدامات کی وجہ سے نوجوانوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لائی جائے گی، انہوں نے کہا کہ پہلی ڈیجیٹل یوتھ پالیسی کا آغاز ہوگیا ہے اور وہ خیبرپختونخوا کے نوجوانوں کو اس کے بارے میں آگاہ کرنے آئے ہیں، نوجوان پاکستان کا بڑا اثاثہ ہیں، ملکی ترقی میں اْن کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
 انجینئر امیر مقام نے یوتھ کنونشن سے خطاب کے دوران نوجوانوں کو با اختیار بنانے اور ملک کی مجموعی اقتصادی ترقی کیلئے حکومت کی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاوزیراعظم شہباز شریف کی دن رات محنت کی وجہ سے مہنگائی اور پالیسی ریٹ میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے، معیشت کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کردیا گیا ہے، وزیراعظم نے ملک کو معاشی طور پر دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے۔ مسلم لیگ (ن) ہی واحد جماعت ہے جس میں نوجوانوں کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت موجو دہے، حکومت نوجوانوں کو فنی تعلیم اور پیشہ ورانہ تربیت کے زیور سے آراستہ کررہی ہے تاکہ وہ ملک کے اندر اور بیرون ممالک میں باعزت روزگار حاصل کرسکے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کے رکن ملک طارق اعوان کی جانب سے یوتھ کنونشن میں شرکت کیلئے آنے والے وفاقی وزراء  کے اعزاز میں پرتکلف عصرانے کا انعقاد کیا گیا جس میں چیئرمین یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد، وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور دیگر نے شرکت کی، اس موقع پر چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے شرکاء  سے خطاب کے دوران کہا کہ خیبرپختونخو امیں بھی ٹیلنٹڈ نوجوانوں کی کوئی کمی نہیں اور اس خطے میں بھی با صلاحیت نوجوان موجود ہیں جنہیں ہم آگے لے کر جائیں گے۔ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق نوجوانوں کو فنی تربیت بھی دی جائے گی، ملک رؤف اعوان کو وزیراعظم یوتھ پروگرام کا مرکزی فوکل پرسن میریٹ کی بنیاد پر مقرر کیا گیا ہے، ملک رؤف اعوان ایک باصلاحیت نوجوان ہے چنانچہ امید ہے کہ وہ ملک بھر کے نوجوانوں کے مسائل احسن طریقے سے حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے عصرانہ سے خطاب کے دوران کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) حقیقی معنوں میں عوام کی نمائندہ جماعت ہے اور عوامی حکومت عوام کے مسائل بہترین انداز میں حل کرنے کیلئے کوشاں ہے، وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور اْن کی معاشی ٹیم نے ایک سال میں جو کارکردگی دکھائی ہے ملک سمیت عالمی مالیاتی ادارے بھی اْن کے معترف ہیں، وزیراعظم ملک کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں اور دوست ممالک کے دورے بھی کررہے ہیں جن کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی ملک طارق اعوان نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارٹی قائد میاں محمد نواز شریف، وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف، چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں اور وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ملک رؤف اعوان پر اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے اْنہیں مرکزی فوکل پرسن وزیراعظم یوتھ پروگرام مقرر کیا۔ انہوں نے کہا کہ آنے والا وقت خیبرپختونخوا میں (ن) لیگ کا ہے، وفاق کی کارکردگی کسی سے عیاں نہیں، پشاور کے لیگی کارکنوں کو مایوس نہیں کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن