تہران (نیٹ نیوز) ایران نے نئے بیلسٹک میزائل کی نقاب کشائی کردی جس کے بارے میں کہا گیا ہے کہ یہ 17 سو کلومیٹر دور تک ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کی رونمائی کی دارالحکومت تہران میں منعقد ہونے والی تقریب میں صدر مسعود پیزشکیان نے بھی شرکت کی۔ سرکاری ٹیلی ویژن نے اس میزائل کی تصاویر نشر کیں۔ میزائل کو فارسی زبان میں اعتماد یعنی ٹرسٹ کا نام دیا گیا۔ اس کی رینج کو نوٹ کرتے ہوئے اسے ایرانی وزارت دفاع کی طرف سے بنایا گیا جدید ترین بیلسٹک میزائل قرار دیا گیا۔ مغربی ممالک ایران کے بیلسٹک میزائل پروگرام میں پیشرفت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس پر مشرق وسطیٰ کو غیر مستحکم کرنے کا الزام لگاتے رہے ہیں۔ اس موقع پر صدر مسعود پیزشکیان نے ایک ٹیلی ویژن خطاب میں کہا کہ دفاعی صلاحیتوں اور خلائی ٹیکنالوجیز کی ترقی کا مقصد یقینی بنانا ہے کہ کوئی بھی ملک ایرانی سرزمین پر حملہ کرنے کی جرات نہ کرے۔ تقریب میں مقامی طور پر تیار کردہ 3 سیٹلائٹس بھی پیش کی گئیں جن میں تقریباً 34 کلو گرام کا مواصلاتی ماڈل جسے ناواک کا نام دیا گیا شامل تھا، اس کے علاوہ پارس-ون اور پارس- ٹو کے تازہ ترین ورژن بھی شامل ہیں۔ یہ تقریب ایران کے قومی ایرو سپیس ڈے کے موقع پر منعقد کی گئی، جبکہ چند روز بعد یعنی 10 فروری 1979 کو اسلامی جمہوریہ کے قیام کی 46 ویں سالگرہ ہے۔