پاک فوج کا استور میں ریسکیو آپریشن، قیمتی جانیں بچ گئیں

گلگت(این این آئی)گلگت بلتستان کے علاقے کامری میں پاک فوج کی کامیاب ریسکیو آپریشن میں قیمتی جانیں بچ گئیں۔تفصیلات کے مطابق استور کے علاقے کامری کے رہائشی زیان کی 27 سالہ خاتون جو کہ جڑواں بچوں سے حاملہ تھیں، نے اتوراکو صبح ایک بیٹی کو جنم دیا تاہم پیچیدگیوں کے باعث وہ دوسرے بچے کو جنم دینے میں مشکلات کا شکار ہو گئیں۔ خاتون کو آرمی فرسٹ ایڈ کامری میں منتقل کیا گیا جہاں وہ اپنی اور اپنے دوسرے بچے کی زندگی کی جنگ لڑ رہی تھیں۔قریبی طبی سہولت مینمرگ سول ہسپتال میں دستیاب تھی لیکن پچھلے دو دنوں سے برفباری کے باعث راستہ بند تھا اس ہنگامی صورتحال میں پاک فوج نے فوری طور پر انجینئرنگ اور طبی وسائل کو متحرک کیا، راستہ صاف کیا اور مریضہ کو منی مرگ ہسپتال منتقل کیا۔پاک فوج کی بروقت کارروائی کی بدولت مریضہ کو بروقت ہسپتال پہنچایا گیا جہاں پاک فوج کے ڈاکٹر نے فوری آپریشن کیا اور دوسرا بچہ بھی صحت مند پیدا ہوا۔ ماں اور دونوں نومولود بچے صحت مند اور خطرے سے باہر ہیں۔یہ کامیاب انخلاء منفی درجہ حرارت میں15 کلومیٹر طویل دشوار گزار راستے سے کیا گیا، جو پاک فوج کے انسانی ہمدردی کے جذبے اور عوامی خدمت کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ای پیپر دی نیشن