لاہور (سپورٹس رپورٹر) نیوزی لینڈ نے تین ایک روزہ میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان کو 84 رنز سے ہرا دیا اور سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔ ہملٹن میں کھیلے گئے میچ میں محمد رضوان نے ٹاس جیت کر نیوزی لینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ میزبان ٹیم نے 8 وکٹوں پر 292 رنز بنائے۔ کیویز وکٹ کیپر مچل ہے نے 78 گیندوں پر ناقابل شکست 99 رنز بنائے۔ 7 چھکے اور 7 چوکے لگائے۔ اوپنرز نے 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ چھٹے اوور میں نک کیلی کی گری جو 31 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ 10 ویں اوور میں دوسرے اوپنر رہیز ماریو 18 رنز بنا سکے، اس وقت نیوزی لینڈ کا سکور 71 رنز تھا۔ ڈیرل مچل 18 جبکہ ہنری نکولس 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ اس وقت نیوزی لینڈ کا سکور 102 تھا جبکہ 17 اوور ہو چکے تھے۔ 5 ویں وکٹ پر کیوی کپتان مائیکل بریسویل اور محمد عباس نے 30 رنز کی شراکت داری کی ‘ بریسویل 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔مچل ہے اور محمد عباس نے چھٹی وکٹ پر 77 رنز جوڑے۔ 40 ویں اوور میں عباس پویلین واپس لوٹے تو نیوزی لینڈ کا سکور 6 وکٹوں پر 209 رنز تھا۔محمد عباس41رنز بناسکے۔ مچل ہے نے آخری اوور میں 24 رنز بنائے اور کیویز اننگ کا اختتام 292 رنز 8 کھلاڑیوں کے نقصان پر ہوا۔ محمد وسیم جونیئر اور سفیان مقیم نے 2، 2 جبکہ فہیم اشرف، عاکف جاوید اور حارث رؤف نے ایک، ایک وکٹ لی۔نیوزی لینڈ کا ایک کھلاڑی رن آؤٹ ہوا۔292 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے قومی ٹیم کا ٹاپ آرڈر ‘مڈل آرڈر ناکام رہا ‘بیٹرز کی آنیاںجانیاں لگی رہیں ۔ پہلی وکٹ چھ ‘دوسری سات‘تیسری نو‘چوتھی اکتیس‘پانچویں بتیس ‘چھٹی 65‘ساتویں93‘آٹھویں 114‘نویں 174اور آخری وکٹ 208رنز پر گری۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف 73 اور نسیم شاہ 51 رنز بناکر نمایاں رہے۔نسیم شاہ پلیئنگ الیون میں شامل نہیں تھے تاہم حارث رئوف کے کنکشن کی وجہ سے انہیں بیٹنگ کیلئے شامل کیا گیا ۔ 8کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے ۔ عبد اللہ شفیق ایک ‘امام الحق تین ‘بابر اعظم ایک ‘محمد رضوان پانچ ‘سلمان علی آغانو‘طیب طاہر تیرہ ‘محمد وسیم ایک ‘عاکف جاوید آٹھ رنز بناکر آئوٹ ہوئے ۔ حارث رئوف تین رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے ۔ سفیان مقیم تیرہ رنز پر ناٹ آئوٹ رہے ۔ بین سیئرز نے پانچ ‘جیکب ڈفی نے تین ‘ول اورورک اور نیتھن سمتھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ مچل ہے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا ۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ پرسوں پانچ اپریل کو کھیلا جائیگا۔