لاہور (نامہ نگار) راوی روڈ کے علاقے میں بدھ کو سلنڈر پھٹنے اور آتشزدگی سے جھلس کر زخمی ہونے والے مزید دو افراد گزشتہ روز جاں بحق ہو گئے ہیں۔ یوں اس واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد 7 ہوگئی ہے۔ راوی روڈ کے علاقے میں بدھ کے روز ٹمبر مارکیٹ میں سلنڈر پھٹنے اور آتشزدگی سے جھلس کر تین بچے اور دو خواتین جاں بحق ہو گئی تھیں جبکہ 8 زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا تھا۔ ہسپتال میں گزشتہ روز اس واقعہ کے مزید دو زخمی دم توڑ گئے ہیں۔ جن میں ایک نامعلوم شخص اور دوسرا جھلس کر زخمی ہونے والا رکشہ ڈرائیور نوجوان عدنان شامل ہیں۔ ہلاک ہونے والے3 بچوں اور 2 خواتین سمیت 6 افراد کی نماز جنازہ گزشتہ روز گاؤ شالا جبکہ رکشہ ڈرائیور عدنان کی نماز جنازہ شاد باغ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر ہر انکھ اشکبار تھی۔