پنجاب بھر کی جیلوں میں ’’سمارٹ لائبریری‘‘ پراجیکٹ کا آغاز  

لاہور(خبرنگار)محکمہ داخلہ پنجاب کا تعلیم دوست مثالی اقدام ، پنجاب بھر کی جیلوں میں ’’سمارٹ لائبریری‘‘ پراجیکٹ کا آغاز کر دیا۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل نے ڈسٹرکٹ جیل لاہور میں سمارٹ لائبریری کا افتتاح کیا۔پراجیکٹ کے تحت قیدیوں کو انکی بیرک کے اندر کتابیں اور شیلف مہیا کئے گئے۔پنجاب کی تمام 44 جیلوں میں بیرکس کے اندر سمارٹ لائبریز قائم کی گئی۔ سیکرٹری داخلہ نے کہا پنجاب بھر کی جیلوں میں 1 لاکھ کتابیں پہنچا دی گئی ہیں، قیدیوں کی تربیت کیلئے کتب بینی کا سازگار ماحول فراہم کیا ہے، ہر جیل میں ماہانہ 500 نئی کتابوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ ایک سال میں قیدیوں کی اصلاح و فلاح کیلئے متعدد اقدامات اٹھائے۔ ماہانہ بنیادوں پر ہر بیرک کی کتابیں دوسری بیرک سے تبدیل کی جائیں گی۔ محکمہ داخلہ نے بیرکس میں قائم سمارٹ لائبریری کیلئے قواعد و ضوابط بھی جاری کئے۔ نور الامین مینگل نے کہا تعلیم یافتہ قیدی دیگر 10 اسیران کو کتاب کا خلاصہ بیان کرینگے،تمام خواندہ قیدی دورانِ اسیری کم از کم ایک کتاب پڑھنے کے پابند ہونگے۔ ہر جیل میں ماہانہ بنیادوں پر زیادہ کتابیں پڑھنے قیدی کو انعام دیا جائے گا۔افتتاح پر ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ عاصم رضا، آئی جی جیل میاں فاروق نذیر ،ڈی آئی جی جیل لاہور ریجن نوید رؤف، جیل سپرنٹنڈنٹ ظہیر احمد ورک ودیگر نے شرکت کی۔

ای پیپر دی نیشن