گورنر سندھ کی ملاقات، مسائل کے حل کیلئے تمام سیاسی نمائندوں کی شرکت ضروری: صدر علوی

کراچی(آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ گورنرہائوس سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران سندھ کے لئے وفاقی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں، معیشت میں بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سمیت عوام کے مسائل کے حل کے لئے ترجیحی اقدامات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر مملکت نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت صوبہ کے تمام اسٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے کیونکہ عوام کے مسائل کے دیرپا حل کے لئے تمام سیاسی نمائندوں کی شمولیت ضروری ہے۔ صدر نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت عوام کے مسائل کے خاتمہ کے لئے اقدامات کر رہی ہے اور عوامی فلاح و بہبود کے لئے شروع کئے گئے کئی منصوبے اس بات کا ثبوت ہیں۔ اس موقع پر گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعظم صوبہ کی تعمیر و ترقی میں ذاتی دلچسپی رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ صوبہ کے مختلف اضلاع کے لئے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ کے مسائل کا حل باہمی گفت و شنید سے نکالا جاسکتا ہے جس کے لئے وہ وفاق کے نمائندے کے طورپر کاوشیں کرتے رہیں گے۔

ای پیپر دی نیشن