اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن سینئرایڈووکیٹ حبیب قریشی نے وفاقی کابینہ میں سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے تین ممبران فواد حسین چوہدری، ڈاکٹر فروغ نسیم اور ڈاکٹر بابر اعوان کی وفاقی کابینہ (میں شمولیت کاخیرمقدم کرتے ہوئے اسے وزیراعظم عمران خان کا قابل تعریف اقدام قراردیا ہے ،اورتوقع ظاہرکی ہے کہ وفاقی کابینہ میں شامل ہونے والے سپریم کورٹ بار کے تینوں ممبران عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے ساتھ وکلابرادری کے مسائل حل کرنے پر بھی توجہ دیں گے۔ جمعہ کو سپریم کورٹ بار کی طرف سے جاری پریس ریلیز کے مطابق حبیب قریشی نے کہا کہ وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم ایک سینئر اور معروف قانون دان ہیں جوبین الاقوامی طور پرجانے جاتے ہیں، فروغ نسیم جو پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین بھی رہ چکے ہیں اوراب ان کی بطور وفاقی وزیر قانون تقرری سے آئینی و قانونی امور کی انجام دہی میں بہتری آئے گی ہم امید کرتے ہیں کہ ڈاکٹر فروغ نسیم وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو برقرار لاتے ہوئے اپنے شعبہ میں محنت کریں گے اور وزارتی امور کی انجام دہی میں نمایاں بہتری لا نے کے ساتھ قومی اداروں کے استحکام اور ترقی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔ حبیب قریشی نے ڈاکٹر فروغ نسیم اورچوہدری فواد حسین کو وفاقی وزراکے طور پر جبکہ اورڈاکٹربابر اعوان کومشیربرائے پارلیمانی امور کے عہدے سنھبالے پر مبارکباد پیش کی اورکہا کہ سپریم کورٹ بار کے تینوں ممبران اپنے شعبوں میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں جر ملک وقوم کودرپیش چیلنجوں پرقابومیں معاون اورمدد گار ثابت ہوگا ، ہم توقع کرتے ہیں کہ سپریم کورٹ بار کے ممبران عوامی فلاح و بہبود کیلئے کام کرنے کے ساتھ ساتھ وکلابرادری کے مسائل حل کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کریں گے۔