گورنر خیبر پی کے کا صوبہ بچاؤ تحریک شروع کرنے کا اعلان

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے صوبہ بچاؤ تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا ہے اور پہلگام واقعے پر کہا کہ بھارت نے حملہ کرنے کی حماقت کی تو بھرپور جواب ملے گا۔ ہمارے پاس ایٹم بم ہیں وہ چاند دیکھنے کے لیے نہیں رکھے ہیں۔ گورنر خیبر پی کے فیصل کریم کنڈی نے پشاور میں منعقدہ پہلے 22ویں فارما ایشیا انٹرنیشنل نمائش میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی اور میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بغیر تحقیق کے پاکستان پر الزام تراشی کر رہا ہے۔ بھارت کا جھوٹ فرداً فرداً بے نقاب ہو رہا ہے۔ ہماری فوج اور دفاعی اداروں میں بھارت کو جواب دینے کی بھرپور صلاحیت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بھارت نے جارحیت کی تو ہم ہر چیز استعمال کرنے کا حق رکھتے ہیں، ہم اپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبہ بچاؤ تحریک کا جلد آغاز کیا جائے گا اور دمادم مست قلندر ہوگا، صوبے کو آگے لے کر جانا ہے اور امن قائم کرنا ہے۔ بزنس کمیونٹی صوبہ اور ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے اور تاجر برادری کو ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن