• news

رکنیت سازی مہم : پی ٹی آئی الیکشن کمشن نے غلط طریقوں کانوٹس لے لیا

لاہور(خصوصی رپورٹر)تحریک انصاف کی رکنیت مہم کے دوران بعض لوگوں کی جانب سے سیاسی قوت بڑھانے کیلئے غلط طریقوں کا پارٹی کے الیکشن کمشن نے نوٹس لے لیا ہے۔لاہور میں چیئرمین سیکرٹریٹ میں ہونے والے چیف الیکشن کمشنر تسنیم نورانی کی زیرِصدارت اجلاس میں تحریک انصاف کی رکنیت کے دوران ہونے والی بے قاعدگیوں کا جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں صوبائی الیکشن کمشنر کرنل (ر) اعجاز منہاس سمیت دیگر ارکان موجودتھے، اجلاس سے خطاب کے دوران تسنیم نورانی کا کہنا تھا کہ کئی لوگ ایک شناختی کارڈ پر پانچ سموں کی پالیسی کا غلط استعمال کررہے ہیں، ایسا کرنے والوں پر یہ واضح ہوجانا چاہئے کہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن ابھی عبوری لسٹ تیار کررہا ہے جو لوگ رکنیت لے رہے ہیں انکے کوائف ہمارے پاس الیکشن کمیشن کی ووٹرلسٹ کے ذریعے سے موجود ہیں، عبوری ووٹر لسٹ میں موجود ارکان کو فون کالز سمیت دیگر طریقوں سے چیک کیا جائیگا، جو نمبر مسلسل بند ہوں گے انکی رکنیت بلاک کردی جائیگی، تسنیم نورانی نے کہاکہ پی ٹی آئی الیکشن کمیشن نے رکنیت شپ کو چیک کرنے کے مختلف ٹیکنیکل طریقے وضع کئے ہیں جن سے جعلی رکنیت پر قابو پایا جائیگا۔ جعلی رکنیت کرانے والوں کی رکنیت منسوخ کر دی جائیگی، انکے پیچھے کارفرمالوگوں کو الیکشن کمشن کے قوانین اورضابطہ اخلاق کے مطابق تین قسم کی سزائیں ہوسکتی ہیں جن میں انٹرا پارٹی الیکشن کیلئے نااہل قرار دینا، پارٹی ٹکٹ سے محرومی اور پارٹی رکنیت کا ختم ہونا شامل ہیں۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں اور رہنمائوں کو مشورہ دیا کہ وہ وقت اور وسائل صحیح سمت میں استعمال کرتے ہوئے جائز ممبرسازی یقینی بنائیں۔

ای پیپر-دی نیشن