• news
  • image

عمران‘ زرداری کے منہ بولے بھائی ہیں‘ 11 مئی کو تیر‘ بلے‘ سائیکل کی اجتماعی تدفین ہوگی : شہبازشریف

لاہور + سیالکوٹ + قصور (خصوصی رپورٹر + نامہ نگاران) مسلم لیگی رہنما خادم پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے ہمارے مخالفین اپنی شکست سامنے دیکھ کر مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی کردارکشی کے لئے جھوٹے اشتہارات چلا رہے ہیں۔ یہ اشتہارات تیر، بلے اور سائیکل کے مشترکہ پروڈکشن ہاﺅس میں تیار کئے جاتے ہیں اور ان اشتہاروں پر زر بابا کی کرپشن کا سرمایہ، ایک بلے باز کو سسرالی رشتے داروں کے برطانیہ سے بھیجے ہوئے پاﺅنڈ اور ایک سائیکل سوار کے پنجاب بنک اور کھاد کرپشن کے لوٹے ہوئے روپے خرچ ہو رہے ہیں۔ سیالکوٹ اور قصور میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہمارے مخالفین کس منہ سے سیلاب اور سیلاب زدہ عوام کی بات کرتے ہیں۔ لوگ اچھی طرح جانتے ہیں مصیبت کی اس گھڑی میں کون کہاں اور کس کے ساتھ موجود تھا۔ ان دنوں آپ کا یہ خادم ایک ایک مصیبت زدہ تک پہنچا۔ کبھی گاڑی میں، کبھی سائیکل پر، کبھی سکوٹر، کبھی ہیلی کاپٹر سے اور کبھی پیدل پھر اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھا جب تک سیلاب کا آخری ریلا سمندر میں نہیں ڈوب گیا۔ لوگ سوال کرتے ہیں مسلم لیگ (ن) کے خلاف اشتہار شائع کرانے والے کردار اس وقت کہاں تھے۔ اس وقت ایک کردار پیرس میں اپنے نئے خریدے ہوئے ولا کا معائنہ کر رہا تھا جبکہ دوسرا بھائی اپنے اسلام آباد کے محل میں غیرملکی مہمانوں کی دعوتوں میں مشغول تھا۔ میں نے 10 جولائی 2010ءکو ٹی وی چینلز کے ذریعے صدر زرداری سے استدعا کی تھی وہ مصیبت کی اس گھڑی میں عوام کو چھوڑ کر نہ جائیں لیکن انہوں نے میری ایک نہ سنی۔ سندھ کے عوام کے ساتھ ان کا رویہ مختلف نہیں تھا۔ انہوں نے کہا عمران خان زرداری کے ترجمان بن کر یہ بیان دیتے ہیں پاکستان کو لوڈشیڈنگ کے اندھیروں میں دھکیلنے کی ذمہ داری زرداری صاحب پر عائد نہیں ہوتی۔ کوئی بعید نہیں زرداری کی محبت میں وہ کل یہ بیان بھی دے دیں ریلوے کی تباہی میں زربابا اور چالیس چوروں کا کوئی ہاتھ نہیں، سٹیل ملز کی بربادی میں پیپلز پارٹی مکمل طور پر بے قصور ہے، پی آئی اے کی زبوں حالی سے زرداری اور اس کے حواریوں کا کوئی تعلق نہیں، رینٹل پاور سکینڈل میں راجہ پرویز اشرف کے ہاتھ بالکل صاف ہیں، کھاد کی چوری، پنجاب بنک میں ڈاکے اور این آئی ایل سی اربوں روپے کی خورد برد میں زرداری حکومت کا کوئی اتحادی شامل نہیں اور اوگرا کے 80 ارب ہڑپ کرنے والے توقیر ضیاءکا فرار زرداری کے دست راست، نیب کے چیئرمین ایڈمرل فصیح بخاری نے نہیں کرایا۔ انہوں نے کہا عمران خان پیپلز پارٹی کے لکھائے ہوئے سکرپٹ کے مطابق مسلسل جھوٹ بول رہے ہیں اور عین ممکن ہے وہ کل ایسے بیانات بھی دینے لگیں موٹروے جنرل مشرف کے حکم پر تعمیر کی گئی تھی، میٹرو بس یوسف رضا گیلانی نے چلائی، آشیانہ سکیم کا منصوبہ قمر الزمان کائرہ نے شروع کیا تھا، لیپ ٹاپ سکیم کا آئیڈیا رحمن ملک نے دیا تھا، پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ امین فہیم نے قائم کیا تھا، ہونہار طالب علموں میں سولر لیمپ منظور وٹو نے تقسیم کئے تھے اور سیالکوٹ گوجرانوالہ روڈ قائم علی شاہ کے حکم پر تعمیر کی گئی۔ انہوں نے کہا ایچی سن کالج اور آکسفورڈ میں تعلیم حاصل کرنے والے سیاستدانوں کو دانش سکولوں کے قیام سے اس لئے تکلیف پہنچی ہے کہ عالمی معیار کے مطابق ان تعلیمی اداروں میں اشرافیہ کے بچوں کا داخلہ ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا مسلم لیگ (ن) کو اقتدار مل گیا تو پاکستان کا کوئی ہونہار طالب علم محض اس لئے اعلیٰ اور معیاری تعلیم سے محروم نہیں رہے گا کہ اس کے والدین کے پاس مطلوبہ وسائل موجود نہیں۔ انہوں نے اعلان کیا پنجاب ایجوکیشنل انڈوومنٹ فنڈ کو پاکستان انڈوومنٹ فنڈ میں تبدیل کر دیا جائے گا اور اس کے سرمائے کو دس ارب سے بڑھا کر بیس ارب روپے کر دیا جائے گا۔ سیالکوٹ اقبالؒ، قائداعظمؒ اور مسلم لیگ (ن) کے شیدائیوں کا شہر ہے اور اس کے شہری 11 مئی کو تیر، بلے اور سائیکل کی اجتماعی تدفین کرینگے۔ انہوں نے کہا عمران خان، آصف زرداری کے منہ بولے بھائی ہیں۔سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ بلے اور تیر کا آپس میں رشتہ ہو گیا ہے اور یہ سائیکل پر سوار ہیں، 11 مئی کو عوام شیر پر مہریں لگائیں گے، سائیکل کا ہینڈل ہوا میں ہو گا اور یہ پنکچر ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا پنجاب کی عوام کے ساتھ ظلم یہ ہے پنجاب کے حصہ کی 400 میگا واٹ بجلی کاٹ کر دوسرے صوبوں کو دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا ن کا جنون سے نہیں قارون کے خزانے سے مقابلہ ہے۔ انہوں نے کہا نواز شریف زرداری اور ان کے حواریوں سے قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس قومی خزانے میں لائیں گے اور غریب عوام کے دکھوں کا مدوا کرینگے۔ قصور میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا ڈکٹیٹر مشرف اور پیپلز پارٹی کی کرپٹ حکومتوں نے پاکستان کو کئی عشرے پیچھے دھکیل دیا ہے اور ملک کو موجودہ سنگین معاشی بحران سے نکالنے کے لئے مسلم لیگ (ن) کا اکثریت میں آنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا اہل قصور نے مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ پنجاب کے عوام نے پانچ سال بڑے صبر سے گزارے۔ آصف علی زرداری نے اس عرصے میں پنجاب کے خلاف ظلم کی تاریخ رقم کی۔ آپ کے گھروں میں نہ بجلی تھی نہ گیس اور لاکھوں لوگ بےروزگار ہو گئے اور صدر زرداری نے سات سو میگاواٹ بجلی باہر بھیجی۔ اس سے قبل امیدوار این اے 139 وسیم اختر شیخ اور امیدواران صوبائی اسمبلی نعیم صفدر انصاری اور ملک احمد سعید ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا آپ لوگوں نے قومی اور صوبائی اسمبلی کی تمام نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کو جتوایا تو میں قصور شہر کو پیرس بنا دوں گا اور برسر اقتدار آ کر قصور میں ایک میڈیکل کالج اور بچے اور بچیوں کے دو سکول فوری طور پر قائم کئے جائیں گے۔ 

epaper

ای پیپر-دی نیشن