امریکہ نے ڈرون طیارے بھیجے تو پاک فضائیہ کو مارگرانے کا حکم دوں گا : عمران خان

صوابی + بونیر + نوشہرہ + چارسدہ + مردان (اپنے نمائندوں سے) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے امریکہ کی غلامی کی ہے اور نہ ہی پاکستانی قوم کو غلامی کر نے دونگا، بر سر اقتدار آنے کے بعد امریکہ نے ڈرون بھیجا تو گرانے کا حکم دوں گا، نواز شریف مچھروں کا مقابلہ نہیں کر سکتے امریکا کا کیسے کریں گے؟ صدر زرداری اور مولانا فضل الرحمن کے ہوتے ہوئے کسی یہودی کو سازش کی ضرورت نہیں، گیارہ مئی کو مولانا فضل الرحمن سیاسی موت مر جائیں گے، مولانا اور اسفندیار ولی نے زرداری سے مل کر پختونوں کا خون کرایا،کپتان اور ٹیم ملکر بڑی بڑی وکٹیں گرا دینگے، پاکستان میں انگریز کا نظام قانون ہے، مقدمات جرگے کے ذریعے حل کرینگے وکیل نہیں کرنا پڑے گا، برسراقتدار آگئے تو سیکیورٹی اقدامات میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائےگی، عوام کو ایم این ا ے اور ایم پی اے کے پیچھے نہیں بھاگنا پڑے گا، پانچ سو افراد کی فہر ست مر تب کر لی ہے اقتدار مےں آنے کے بعد احتساب کا آغاز ان سے کرےں گے۔ بونیر، صوابی، چارسدہ، مردان اور نوشہرہ میں انتخابی جلسوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا مولانا فضل الرحمن کہتے ہیں میں یہودیوں کا ایجنٹ ہوں اور پاکستان کےخلاف سازشوں میں مصروف ہوں۔ انہوں نے اعلان کیا میں نبی کریم صلی اللہ علیہ واالہ وسلم کی سیرت پر عمل کرتا ہوں آپ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کو آخری نبی نہ ماننے والا کبھی مسلمان نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا نواز شریف جو 5 بار ملک کی بھاگ دوڑ سنبھال چکے ہیں۔ اب بھی اقتدار میں آنے کےلئے تیار بیٹھے ہیں حالانکہ اب ان کی باری نہیں آئے گی نوازشریف تیسری بار وزیراعظم بننے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں۔ بار بار حکومتیں کرنے والوں کی باری ختم ہو رہی ہے۔ اب ملک میں عوام کی اپنی ہی حکومت ہو گی۔ انہوں نے کہا وکی لیکس نے سیاستدانوں کا بھانڈا پھوڑ دیا، مولانا فضل الرحمن نے اسلام کا نام لے کر بہت پیسہ بنایا ہے۔ مولانا فضل الرحمن پانچ سال مشرف اور پانچ سال زرداری حکومت سے مراعات لےتے رہے مگر اقتدار ختم ہوتے ہی اےک بار پھر عوام کو اسلام کے نام پر بے وقوف بنا رہے ہےں۔ مولانا فضل الرحمن وزےر ستان مےں ڈرون حملوں اور آپرےشن پر خاموش رہے مگر اب مگر مچھ کے آنسو بہا کر عوام کی ہمدردےاں سمےٹنے کی ناکام کوشش کر رہے ہےں۔ مولانا فضل الرحمن جھوٹ موٹ کے فتوے لگانا چھوڑ دےں ورنہ ان کی اصلےت پر مےں خاموش نہےں رہونگا۔ پہلے مولانا فضل الرحمن کو ڈیزل کے نام سے پکارا جاتا تھا اب انہوں نے بہت سے دیگر کاموں سے بہت پیسے بنا لئے ہیں ان ہی پیسوں کے بل بوتے پر ہمارے مقابلے پر آئے ہیں۔ انہوں نے کہا اسفندیار ولی سمیت ملک کے تمام حکمران امریکہ کے غلام ہیں اور ایزی لوڈ کے نام سے مشہور ہیں ۔ انہوں نے کہا انہیں آصف زرداری پر ترس آ رہا ہے، ان کےساتھ بھی اچھا نہیں ہو گا۔ عمران خان نے نوازشریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا وہ خود کو شیر کہتے ہیں، عمران خان کی صورت میں شیر کا شکاری آ گیا ہے۔ انہوں نے کلمہ طیبہ پڑھ کر کہا یہ کلمہ میرے دل اور خون میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا سترہ سال سے میچ کا انتظار کر رہا تھا گیارہ مئی کو ہمارا میچ ہو گا کپتان عمران خان ہو گا اور عوام میرے ساتھ ہونگے بڑی بڑی وکٹیں گرا دینگے۔ گیارہ مئی کو نئی تاریخ رقم ہو گی۔