پاکستان میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائیگی

اسلام آباد+ لاہور (خبرنگار+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) ملک میں شوال کا چاند نظر آگیا۔  پاکستان سمیت دیگر پڑوسی ممالک میں عیدالفطر آج مذہبی جوش و جذبے سے منائی جائے گی۔  شوال کے چاند کی رویت اور عیدالفطر کا باضابطہ اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مولانا عبد الخبیر آزاد نے کیا۔ مولانا عبد الخبیر آزاد کے مطابق ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔  مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ پوری قوم اور امت مسلمہ کو شوال  المکرم  کا چاند مبارک ہو، اللہ تعالی  وطن عزیز پاکستان کو اتحاد، وحدت عطا فرمائے۔ کروڑوں مسلمان رمضان المبارک کی تکمیل پر خوشی مناتے ہوئے رب العزت کی بارگاہ میں سجدہ شکر بجا لائیں گے۔ دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد مقررہ وقت پر نمازعید الفطر کی ادائیگی اور ملک وقوم کی سلامتی کیلئے دعاؤں سے ہوگا۔ بالخصوص غزہ فلسطین، کشمیر سمیت جہاں جہاں مسلمان مظلومیت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ان کی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی جائیں گی۔ صدر، وزیر اعظم، وفاقی وزراء سمیت تمام اعلی عہدیداروں کی طرف سے قوم کے نام عید الفطر کے خصوصی پیغامات بھی جاری کئے جائیں گے۔  پاکستان میں بوہرہ برادری ، اے این پی اور افغان مہاگجرین نے بھی عید منائی ، دوسری جانب برطانیہ اور کینیڈا سمیت یورپ کے مختلف ممالک میں عید آج منائی جائے گی۔ جبکہ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، فلسطین، قطر اور دیگر ممالک میں اتوار کے روز عیدالفطر منائی گئی۔ مسجدالحرام، مسجد نبویؐ  اور مسجد اقصی میں نماز عید کے بڑے اور روح پرور اجتماعات ہوئے جن میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔ مسجد الحرام میں امام کعبہ الشیخ عبدالرحمان السدیس نے نماز عید کا خطبہ دیا اور امامت کروائی جبکہ مسجد نبویؐ  میں امام شیخ عبداللہ نے عیدالفطر کی نماز پڑھائی۔ ادھر دبئی، قطر، بحرین، کویت، ترکیہ، یمن اور روس میں بھی عید منائی گئی۔ ابوظہبی، شارجہ اور دیگر ریاستوں میں بھی نمازِ عید کے اجتماعات ہوئے۔ دبئی میں توپ کے 2 گولے داغ کر نماز عید کا اعلان کیا گیا۔اس کے علاوہ امریکا، برطانیہ اور کینیڈا میں مسلم کمیونٹی تقسیم ہے، بعض نے اتوار کو عید منائی جبکہ بعض آج پیر کو عید منائیں گے۔ دنیا کے دوسرے ممالک فرانس‘ امریکہ‘ کینیڈا میں بھی عیدالفطر مذہبی عقیدت اور جوش و جذبہ سے منائی گئی۔ جبکہ عمان، انڈونیشیا اور برونائی میں عیدالفطرآج پیر کو منائی جائے گی۔

ای پیپر دی نیشن