اسلام آباد(خبرنگار)جماعت اسلامی اسلام آباد نصراللہ رندھاوا نے کہا ہے کہ پاکستان میں مقیم فلسطینی طلبہ امت مسلمہ کا مستقبل ہیں آج اہل فلسطین فسطائیت اور ظلم و جبر کی لپیٹ میں ہیں اور عالمی استعماری قوتوں کا مقابلہ کررہے ہیں ۔ اپنا اولین فرض سمجھتے ہوئے ہم اہل فلسطین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، ظلم کے خلاف آواز اٹھانا ہمارا بنیادی فرض ہے جماعت اسلامی نے ہر دور میں مظلوم کا ساتھ دیا ہے اور ظلم کی نفی کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن(پیما )کے زیر اہتمام اسلام آباد کے مختلف میڈیکل اداروں میں تعلیم حاصل کرنے والے فلسطینی طلبہ کے اعزاز میں منعقدہ افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر صدر پیما ڈاکٹر سعیداللہ شاہ،چانسلر رفاہ یونیورسٹی محمد حسن خان ، وائس چانسلر رفاہ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر اقبال خان، پرنسپل رفاہ میڈیکل ڈاکٹر عامر ، ڈائیریکٹر فرینڈز آف فلسطین بلال مصطفی اور ڈاکٹر مطاہر علی شاہ موجود تھے ۔