جولائی تا مارچ کے دوران غیرملکی فنڈنگ کا حجم 6 ارب 90کروڑ ڈالرز رہا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے رواں مالی سال کے ابتدائی 9 ماہ میں 5 ارب 50 کروڑ 75 لاکھ ڈالرزکی غیر ملکی فنڈنگ حاصل کی، گزشتہ سال جولائی تا مارچ کے دوران بیرونی فنڈنگ کا حجم 6 ارب 90کروڑ ڈالرز تھا۔وزارت اقتصادی امورنے رواں مالی سال کے پہلے 9 ماہ کی بیرونی فنڈنگ کی رپورٹ جاری کر دی۔رپورٹ کے مطابق عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے ایک ارب 2 کروڑ ڈالرز ملا کر فنانسنگ کا حجم 6 ارب 52 کروڑ ڈالرز سے تجاوز کر جائے گا۔ مارچ 2025 میں 55 کروڑ 52 لاکھ ڈالرز کی غیر ملکی فنانسنگ حاصل ہوئی۔ جولائی 2024 سے مارچ 2025 تک 5 ارب 37 کروڑ ڈالرز کا غیر ملکی قرضہ لیا گیا، رواں مالی سال کے9 ماہ میں 13 کروڑ 56 لاکھ ڈالرزکی گرانٹس موصول ہوئیں۔وزارت اقتصادی امور نے رپورٹ میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور چین کے رول اوور کو حصہ نہیں بنایا۔ مارچ 2025 تک کی فنڈنگ میں سعودی عرب کے 5 ارب ڈالرز کا ڈیپازٹ شامل نہیں، مارچ 2025 تک کی فنڈنگ میں چین سے 4 ارب ڈالرز کا سیف ڈیپازٹ بھی شامل نہیں۔

ای پیپر دی نیشن