کراچی(قمرخان) نیشنل سپورٹس کمیشن نے گزشتہ روز ملتوی ہونے والے 35ویں نیشنل گیمز ماہ دسمبر میں سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کی میزبانی میں کراچی میں ہی کرانے کی اصولی منظوری دے دی جس کی حتمی منظوری کل پیر کو پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی ایگزیکٹیو کمیٹی اجلاس میں دی جائیگی۔ ہفتے کو لاہور میں ہونے والے پاکستان سپورٹس کمیشن کے اجلاس میں سندھ میں ہیٹ ویو الرٹ کے سبب 35ویں نیشنل گیمز کے التوا اور اس کے بعد کی صورتحال پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری لیٹر بھی زیربحث آیا جس میں انہوں نے سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کی جانب سے 35ویں نیشنل گیمز کے التوا پر انہی تاریخوں میں لاہور میںگیمز کرانے کا عندیہ دیا تھا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 35ویں نیشنل گیمز کی میزبانی بدستور سندھ اولمپک ایسوسی ایشن ہی کریگی اوردسمبر کے مہینے میں ہوں گے۔ اجلاس نے سفارشات تیار کر کے پاکستان اولمپک ایسویشن کو روانہ کر دیں جبکہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن نے ایگزیکٹیو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس کل پیر کو طلب کر لیا ہے جس میں نیشنل سپورٹس کمیشن کی سفارشات پر حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔