شیخوپورہ (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اویس عمر ورک نے کہا ہے شیخوپورہ میں 8سالہ بچی سے لے کر70سالہ بزرگ تک کو دوران ڈکیتی قتل کیا جارہاہے ضلع بھر میں سٹریٹ کرائم میں بے پناہ اضافہ ہو چکاہے جبکہ فائرنگ سے متعدد افراد بھی جاں بحق ہو چکے ہیں ،پولیس ڈکیتی کی وارداتوں اور سٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ شیخوپورہ میں ریڈ الرٹ کیا جائے، شیخوپورہ عملاً علاقہ غیر بن چکا ہے ڈاکو سڑکوں گلیوں محلوں میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ شرقپور کے علاقہ میں چند روز قبل 8سالہ نور فاطمہ کو ددوران ڈکیتی قتل کیا گیا اور ابھی تک پولیس ملزمان کو گرفتار نہیں کر سکی اسی طرح ضلع میں ہونے والی ڈکیتی کی وارداتوں کے ملزمان پولیس کی پکڑ سے دور ہو چکے ہیں ، اس سلسلہ میں صوبائی اسمبلی میں تحریک بھی جمع کروائی گئی ہے مگر ابھی تک کوئی کاروائی نہیں ہو سکی انہوں نے کہاکہ پنجاب پولیس سٹیٹ بن چکا ہے شیخوپورہ کے عوام بے یارو مددگار ہوچکے ہیں ۔