ننکانہ صاحب ( نامہ نگار) موسمیاتی تبدیلی کی وزیر مملکت ڈاکٹر شذرہ منصب علی کھرل نے کہا ہے کہ سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کی جائے پیدائش پر بھارتی ڈرون حملے انتہائی قابل مذمت ہیں۔ بھارت نے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے گوردواروں پر حملے کئے۔ پاک فوج سکھوں سمیت تمام پاکستانیوں کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ بھارت نے اپنے ہی ملک میں امرت سر میں سکھوں پر حملے کر کے الزام پاکستان پر لگایا ۔ پاکستان اور سکھوں کے مابین فاصلے پیدا کرنے کی کوشش کی۔ پاک فوج کے شاہینوں نے بھارتی غرور خاک میں ملادیا ہے۔ ننکانہ صاحب میں سکھ رہنمائوں کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں حکومت‘ سیاسی جماعتیں‘ عسکری قیادت اور قوم متحد ہے۔ سکھ رہنماء سردار سرجیت سنگھ کنول نے کہا کہ پاکستان سکھوں کے لئے جنت ہے۔ کسی کو بھی اس کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھنے دیں گے۔